Live Updates

نواز شریف ملکی مفادات کے خلاف بھارتی ایجنسی را کی ترجمانی کرکے غداری کے مرتکب ہوئے ہیں ، پیر معصوم نقوی

منگل 15 مئی 2018 22:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2018ء) جمعیت علما پاکستان نیازی کے سربراہ اور نظام مصطفی محاذ کے سینئر نائب صدرقائد اہل سنت پیر سید محمد معصوم حسین نقوی نے کہا ہے کہ سابق نااہل وزیر اعظم نواز شریف ملکی مفادات کے خلاف را اور بھارت کی ترجمانی کرکے غداری کے مرتکب ہورہے ہیں ۔ ان کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرکے آرٹیکل چھ کے تحت ٹرائیل کیا جائے۔

متنازع انٹرویو سے عالمی سطح پر پاکستان کی مشکلات میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔ اقتدار چھن جانے کے بعد نواز شریف پر پاگل پن کے دورے پڑ رہے ہیں۔ جس کی وجہ سے وہ ریاستی اداروں کے خلاف محاذ آرائی کھڑی کررہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے جے یو پی نیازی پنجاب کے صدر پیر اختر رسول قادری کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر امجد حسین چشتی اورمرکزی سیکرٹری اطلاعات عقیل حیدر شاہ بھی موجود تھے۔ پیر معصوم نقوی نے کہا کہ نواز شریف کی سیاست کا مرکز و محور ہمیشہ پیسہ رہا ہے۔ پانامہ لیکس میں اپنا مقدمہ عدالت میں ہارنے اور اقتدار چھن جانے کے بعد اب سابق وزیر اعظم کو جیل نظر آرہی ہے تو اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں، اسی لئے وہ اپنی بیٹی مریم نواز کو حسینہ واجد کی طرح مسلم لیگ ن پر مسلط کرنے کے لئے جلسے کررہے ہیں۔ تاکہ پارٹی صدارت اور اقتدار خاندان میں ہی رہے۔ لیکن اب ان کا سیاست میں کردار ختم ہوچکا ہے۔ نوازشریف کی اگلی منزل جیل ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات