کراچی کے عوام لوڈشیڈنگ کے سبب نفسیاتی عوارض میں مبتلاہورہے ہیں،حنیف طیب

بدھ 16 مئی 2018 23:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 مئی2018ء) نظام مصطفی پارٹی کے سربراہ سابق وفاقی پیٹرولیم ڈاکٹر حاجی محمد حنیف طیب ،سابق ممبرقومی اسمبلی محمد عثمان خان نوری نے kالیکٹرک کے مظالم پر اظہارافسوس کرتے ہوئے کہاہے کہ کراچی کے عوام لوڈشیڈنگ کے سبب نفسیاتی عوارض میں مبتلاہورہے ہیں۔ شدیدگرمی اور تپش کے باعث ہیٹ اسٹروک کا بھی شکا رہورہے ہیں ۔

جبکہ رمضان کا مہینہ بھی شروع ہورہاہے لیکن کے الیکڑک نے لوڈشیڈنگ کے مزید اضافے کا عندیہ دے کر اہلیان کراچی کو تشویش میں مبتلاکردیاہے۔مرکزی و صوبائی حکومتیں اس مسئلے پر خاموشی اختیارکئے ہوئے ہیں،عوام یہ جاناچاہتی ہے کہ نیپراکی کارروائی کا کیاہوا۔ مقتدرادارے ہی اگر کچھ تدارک کریں تو ممکن ہے کہ کراچی کے شہریوں کوطویل اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے نجات مل سکے۔

(جاری ہے)

Kالیکٹرک کے عزائم سے معلوم ہوتاہے کہ سحر وافطار،تراویح میں بھی کراچی کی عوام لوڈشیڈنگ کا شکارہونگے،ایسا معلوم ہوتا ہے کہ حکومت نے کراچی کے شہریوں کو کے الیکڑک کے ہاتھوں فروخت کردیاہے اور کے الیکٹرک شہریوں کے ساتھ غلاموں جیسا سلوک کررہی ہے۔اگر یہ ہی صورتحال رہی توخدشہ ہے کہ رمضان المبارک مبارک کاپر امن مہینہ کے الیکڑک کی من مانیوں کے سبب کہیں عوام کے غم وغصے کے سبب بدامنی کی فضا میں تبدیل نہ ہوجائے۔

حکومت کو چاہیے کہ وہ رمضان المبار ک میں شہریوں کو بلاتعطل بجلی اورپانی کی فراہمی کا انتظام کرے ۔ان کا مزید کہناتھاکہ آج شدید ترین لوڈشیڈنگ لاہورمیں بھی کی جارہی ہے۔جو لوگ یہ دعوے کررہے تھے کہ 2018میں لوڈشیڈنگ ختم کردی جائے گی،اُن کے وہ وعدے اوردعوے کہاںگئے۔پنجاب بھر میں لوڈشیڈنگ کے پچھلے تما م ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں ۔چھوٹے شہروں اور گاؤں کی بات ہی کیاہے۔حکومت نے ہاتھی اور گھوڑے سب برابر کردیئے ہیں۔