اصغرخان کیس میں نواز شریف کی طلبی کی تاریخ کا فیصلہ 21 مئی کو ہوگا

جمعہ 18 مئی 2018 13:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2018ء) اصغر خان کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی طلبی کی تاریخ کا فیصلہ پیر کو کیا جائے گا جبکہ اس سے قبل سابق آرمی چیف اسلم بیگ اور سابق ڈی جی آئی ایس آئی اسد درانی پیش ہوچکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اصغر خان کیس میں احسان صادق کی سربراہی میں کمیٹی تحقیقات کو آگے بڑھانے کیلئے طریقہ کار پر خصوصی پیپرز لکھ رہی ہے جسے اسٹریٹجک دستاویز کا نام دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اسٹریٹجک پیپر میں انکوائری کو حتمی نتیجے پر پہنچانے کیلئے طریقہ کار تحریر ہوگا ،ْنامزد ملزم سابق وزیراعظم نواز شریف سمیت دیگر کی طلبی کی تاریخ کا فیصلہ بھی 21 مئی کو کیا جائے گا۔یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ ہفتے اپنے فیصلے میں حکومت کو اصغر خان کیس پر عملدرآمد کا حکم دیا تھا اور کہا تھا کہ وفاقی حکومت اور ایف آئی اے کیس کے فیصلے کی روشنی میں قانون کے مطابق کارروائی کریں۔

(جاری ہے)

اصغر خان کیس میں نامزد سابق آرمی چیف جنرل (ر) مرزا اسلم بیگ اور آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی 16 مئی کو ایف آئی اے کی تحقیقاتی کمیٹی سامنے پیش ہوئے تھے۔مذکورہ کیس میں نواز شریف سمیت دیگر بھی نامزد ہیں، جن کے بیانات تحقیقات کے اگلے مرحلے میں لیے جائیں گے۔