کراچی میں بجلی اور پانی کی عدم فراہمی کے ستائے شہری احتجاج کیلئے باہرنکل آئے

ہفتہ 19 مئی 2018 16:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2018ء) کراچی میں بجلی اور پانی کی عدم فراہمی کے ستائے شہری احتجاج کیلئے باہرنکل آئے، ناظم آباد اورملیر کے شہریوں نے احتجاج کیااورٹائرجلاکرروڈبلاک کردی۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر شمسی کالونی میں رات گئے بجلی کی بندش پرشہری بلبلااٹھے اورسڑک پرٹائرجلاکرروڈکوٹریفک کیلیے بلاک کردیا، علاقہ مکینوں کے مطابق گزشتہ چار زور سے علاقے کی بجلی منقطع ہے بار بار شکایات درج کروانے کے باوجود کے الیکٹرک کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا جارہا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ناظم آباددونمبرپربھی پانی بجلی کی طویل غیر اعلانیہ بندش پر شدید گرمی میں علاقہ مکینوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا اور شہریوں کی بڑی تعداد نے واٹر بورڈ اور کے الیکٹرک انتظامیہ کیخلاف احتجاج کیا اورٹائرجلاکرروڈبلاک کردی ۔روڈ کی بندش سے اطراف کی سٹرکوں اور علاقوں میں ٹریفک نظام درہم برہم ہوگیا جس میں گاڑیاں پھنس گئیں اور گاڑیوں میں سوار افراد گرمی میں بے بسی کی تصویر بنے رہے احتجاج کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد مظاہرین کو منتشر کر کے سڑک کو ٹریفک کے لئے کھول دیا۔