ایم ایم اے اتحاد امت کا بہترین عملی پلیٹ فارم ہے،صابرحسین اعوان

ہفتہ 19 مئی 2018 21:48

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 مئی2018ء) متحدہ مجلس عمل ضلع پشاور کے تنظیم نو کے لیے ایم ایم اے کے صوبائی سینئر نائب صدر فیاض خان کے صدارت میں جے یو آئی (ف)کے مرکز میں اجلاس ہوا ۔اجلاس میں متحدہ مجلس عمل کے صوبائی جنر ل سیکرٹری عبدالواسع ، نائب صدور فضل رحمان مدنی ، اخونزادہ اور ایم ایم اے میںشامل جماعتوں کے ضلعی امراء اور تین تین نمائندوں نے شرکت کی ۔

اجلاس میں متحدہ مجلس عمل ضلع پشاور کی تنظیم نومکمل کرلی گئی اور امیر جماعت اسلامی ضلع پشاور و سابق ممبر قومی اسمبلی صابرحسین اعوان متحدہ مجلس عمل ضلع پشاو رکے صدر اور جے یو آئی (ف) کے قاری محمد عاصم جنر ل سیکرٹری منتخب کر لیے گئے جب کہ سینئر نائب صدر شیخ القرآن حضرت مولانا سعید جان ،نائب صدور حضرت مولانا عقل وزیر چشتی اقتدار علی مظہر ، ڈاکٹر ذاکر شاہ ،جنرل سیکرٹری قاری محمد عاصم ، ڈپٹی جنرل سیکرٹریز عتیق الرحمن ،مولانا عبدالرب ، سید یوسف علی شاہ ، ریاض الدین سرکانی،سیکرٹری مالیات حاجی ہدایت اللہ خان اور پریس سیکرٹری حسین احمد مدنی ایڈووکیٹ مقرر کیے گئے ۔

(جاری ہے)

نومنتخب ضلعی صدر صابرحسین اعوان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایم اے اتحاد امت کا بہترین عملی پلیٹ فارم ہے۔ جس نے عملی طور پر اسلام میں محبت اور برداشت کے رویے کو اجاگر کیا ہے۔ 2018 ء کا الیکشن پاکستان کے لیے ایک ٹرننگ پوائنٹ ہے ۔ متحدہ مجلس عمل ان انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی ۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کے عوام ملک میں حقیقی تبدیلی چاہتے ہیں۔ متحدہ مجلس عمل ملک میں اسلامی فلاحی مملکت کا قیام عمل میں لائے گی ۔ ملک میں دینی قوتوں کا ووٹ بنک اکٹھاہو گا اور سیکولر قوتوں کو شکست فاش ہوگی ۔انہوںنے کہاکہ متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے پشاور میں رابطہ عوام مہم چلائیں گے اور ہر گھر اور ہر فر د تک متحدہ مجلس عمل کا پیغام پہنچائیں گے ۔