علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے ہری پور جیل میں قیدیوں کے لئے ہنر مند پروگرام شروع کرنے کی منظوری دے دی

یونیورسٹی نے ملک بھر کی جیلوں میں قیدیوں کے لئے ووکیشنل ٹریننگ پروگرام تربیت دے دیا

پیر 21 مئی 2018 15:52

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2018ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے پاکستان بھر کی جیلوں میں مقید افراد کے لئے ووکیشنل ٹریننگ پروگرام تربیت دیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں قیدیوں کے لئے جیلوں کے اندر ’’ٹیلرنگ سکولز‘‘ قائم کئے جائیں گے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے ہری پور جیل میں مقید افراد کی خواہش پر جیلوں میں مقید افراد کے لئے ہنر مند پروگرام شروع کرنے کی منظوری دی ہے، قیدیوں کے لئے یہ سہولت بالکل مفت ہوگی۔

ہری پور جیل میںاس وقت 161 قیدی اوپن یونیورسٹی کے طالب علم ہیں۔ ہنر مند پروگرام کا آغاز سینٹرل جیل ہری پور سے کیا جائے گا۔ اسکیم کے تحت اِن تربیتی مراکز کے لئے انسٹرکٹر سمیت تمام آلات اور سامان یونیورسٹی فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے کہا کہ باہر ممالک میں جیل اصلاحاتی مراکز ہوتے ہیں جہاں دوران سزا قیدیوں کو اس قابل بنایا جاتا ہے کہ سزا مکمل ہونے کے بعدوہ معاشرے میں باعزت زندگی بسر کر سکتے ہیں۔

ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی کی بھی یہی خواہش ہے کہ جیلوں میں مقید افراد کو ہنر مند بنایا جائے تاکہ سزا پوری ہونے کے بعد جیل سے نکلتے ہی وہ باعزت روزگار شروع کرکے معاشرے کے مفید شہری بن جائیں۔یونیورسٹی کے ڈائریکٹر بین الاقوامی اشتراک ڈاکٹر زاہد مجید کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی 1990ء سے قیدیوں کو مفت تعلیم کی سہولت فراہم کررہی ہے، اس وقت پاکستان کی مختلف جیلوں میں 1000سے زائد قیدی اوپن یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قیدی یونیورسٹی سے میٹرک، ایف اے، بی اے اور سرٹیفیکیٹس سطح کے کورسز میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور ان قیدیوں کو مفت داخلے کے علاوہ فری رجسٹریشن، فری ٹیوشن و امتحانی فیس اور ڈگریوں کی تصدیق کے لئے کوئی فیس نہیں لی جاتی۔