ماہ رمضان میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈینگ نے عوام کو عذاب میں مبتلا کررکھا ہے ‘یاسمین راشد

پیر 21 مئی 2018 17:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ ماہ مقدس رمضان میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈینگ نے عوام کو عذاب میں مبتلا کررکھا ہے ماہ رمضان المبارک کے دوران پورے ملک میں بجلی بلاتعطل فراہم کی جانی چاہئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ملک بھر میں واپڈہ حکام کو لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا پابند کرے۔

شدید گرمی میں بجلی کی بندش عوام کے لیے سخت اذیت کا باعث ہے۔ رمضان کے مقدس ماہ میں عوام کو اس اذیت سے دور رکھا جائے انہوں نے کہا ہے کہ رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے۔ماہ صیام تذکیہ نفس کے لیے اللہ تعالی کی طرف سے خصوصی انعام ہے۔ محض جسمانی عبادات سے اس ماہ کی برکتوں کو مکمل طور پر نہیں سمیٹا جا سکتا بلکہ یہ مقدس مہینہ آپس کے معاملات میں صبرو تحمل رواداری، اخوت،عجز و انکساری کا بھی تقاضہ کرتا ہے۔

(جاری ہے)

روزہ جسمانی مشقت کانام نہیں ہے بلکہ نفس کی تربیت کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔یہ ہمیں تمام اخلاقی و جسمانی برائیوں سے دور کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کی مناسبت سے دعائیہ محافل اور دیگر تقریبات میں وطن عزیز کے استحکام و ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں۔ ماہ رمضان کے دوران انتظامیہ گراں فروشوں پر نظر رکھنے میں ناکام ہو چکی ہے عام آدمی کے لئے اشیائے خوردو نوش کا حصول دشوار ہوچکا ہے۔