کوہاٹ پولیس کی کارروائی ،

بدنام زمانہ منشیات فروش گرفتار ‘لاکھوں مالیت کی چرس برآمد

منگل 22 مئی 2018 13:20

کوہاٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2018ء) کوہاٹ پولیس نے بدنام زمانہ منشیات فروش کو گرفتار کرلیا ہے۔کاروائی میں زیر حراست منشیات فروش کے قبضے سے لاکھوں مالیت کی چرس برآمد کرلی گئی ہے۔ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت کی منشیات کے ناسور کے خلاف واضح احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے پولیس نے ضلع بھر میں منشیات کے خلاف خصوصی مہم شروع کررکھاہے اور منشیات کی نقل و حمل میں ملوث عناصر کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے شہر کے چپے چپے میں بھر پور کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔

(جاری ہے)

کاروائیوں کے اس تسلسل میں ایس ایچ او تھانہ محمد ریاض شہید اسلام الدین نے ایک خفیہ اطلاع پرجانانہ ملز بائی پاس روڈ پر ناکہ بندی کررکھی تھی کہ اس اثناء میں ایک مشکوک رکشہ کو تلاشی کی غرض سے روک لیا گیا۔پولیس نے تلاشی کے دوران رکشہ کے اندر بنے خفیہ خانے سے مجموعی طور پر 4 کلوگرام چرس برآمد کرکے رکشہ میں سوار مشہور منشیات فروش قاسم خان ولد عمر خان سکنہ ناکبند حال میاں گان کالونی کو حراست میںلے لیا۔پولیس نے گرفتار منشیات فروش کو رکشہ سمیت فوری طور پر تھانہ محمد ریاض شہید منتقل کردیا جہاں انکے خلاف منشیات سمگل کرنے کے جرم میں مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔