یونیورسٹی آف سرگودھا کے سینڈیکیٹ کے اجلاس کا انعقاد

منگل 22 مئی 2018 15:04

سرگودھا۔22 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2018ء) یونیورسٹی آف سرگودھا کے سینڈیکیٹ اجلاس میں قوانین اور معاہدات کی خلاف ورزی اور اصول وقوعد وضوابط پر عمل درآمد نہ کرنے پر یونیورسٹی آف سرگودھا سب کیمپس لاہور سمیت پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت قائم کردہ چار سب کیمپسز کو شوکاز نوٹس جاری کرنے سمیت دیگر اہم فیصلے کیے گئے۔

سینڈیکیٹ کا اجلاس وائس چانسلر ڈاکٹر اشتیاق احمد کی سربراہی میں منعقدہوا جس میں اہم امور کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں وائس چانسلر نے اراکین کو یونیورسٹی میں جاری تعلیمی،تحقیقی اور تعمیراتی کاموں کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔سنڈیکیٹ کی میٹنگ کے جاری کردہ نکات کے مطابق پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت قائم کردہ سب کیمپسز کو قواعد و ضوابط اور معاہدات کی خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس جاری کرنے،مختلف شعبہ جات، سب کیمپسز اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت قائم کردہ کیمپسز کے مختلف شعبہ جات میں انچارج اور چیئرمین کی نامزدگی کا طریقہ کار واضع کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مختلف شعبوں میں کام کرنے والے ملازمین کی سروس کی کنفرمیشن کی منظوری دی گئی اور شعبہ انجینئرنگ میں مختلف شعبوں، مختلف پراجیکٹس پوسٹ پر کام کرنے اور اُن کی تعیناتی کے ساتھ تنخواہوں کی بھی منظوری دی گئی اور یونیورسٹی میں ایک معیاری پرنٹنگ پریس قائم کر نے کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں ڈاکٹر ظہورالحسن ڈوگر کو شعبہ بائیو کیمسٹری سرگودھامیڈیکل کالج اور ڈاکٹر مسعود کو شعبہ ریاضی کا چیئرمین تعینا ت کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

سنڈیکیٹ کے اس اہم اجلاس میں یونیورسٹی آف سرگودھا میں خوش آب منرل واٹر پراجیکٹ کو ری فریم کرنے کی منظوری دی گئی، اجلاس میں مختلف درخواستوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے ڈسپیچ رائیڈرکو گریڈ 7سے گریڈ 11میں ترقی دینے کے احکامات کی منظوری دی گئی۔سنڈیکیٹ کی اس میٹنگ میں کنسلٹنٹ ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد ڈاکٹر محمودالحسن، وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر حسن عامر شاہ، وائس چانسلر گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد ڈاکٹر نورین عزیز قریشی، ایم پی اے ملک محمد وارث کلو، ایم پی اے ڈاکٹر نادیہ عزیز،صدر فاؤنڈیشن فار ڈویلپمنٹ آف ایجوکیشن حفیظ اللہ خان نیازی، ڈین فیکلٹی آف سائنس ڈاکٹر ناظرہ سلطان،پروفیسر فیکلٹی آف انٹرنیشنل ریلیشنز قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد ڈاکٹر رخسانہ صدیقی،ایڈیشنل سیکرٹری گورنمنٹ آف پنجاب ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ لاہور تنویر جبار، پرنسپل سرگودھا میڈیکل کالج ڈاکٹر حمیرا اکرم،پرنسپل گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج فار بوائز میانوالی ڈاکٹر محمد اشرف خان نیازی،پرنسپل گورنمنٹ جوہر کالج فار ویمن جوہر آباد،خوشاب راحیلہ ارشد، ڈپٹی سیکرٹری فنانس ڈیپارٹمنٹ لاہور کاشف منظور،بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن سرگودھا کے نمائندہ لیفٹیننٹ کرنل (ر) ڈاکٹر سید مظہر حسین شاہ اور ایڈیشنل رجسٹرار چوہدری اظہار الحق نے شرکت کی۔

سنڈیکیٹ کے اجلاس کی خاص بات کہ تمام میٹنگ انتہائی کامیاب رہی اور اس میں تمام ممبران نے بھرپور شرکت کی۔اس موقع پر ممبران نے وائس چانسلر ڈاکٹر اشتیاق کو میٹنگ کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد پیش کی۔