انٹر میڈیٹ پار ٹ I- کے سالانہ امتحانات شروع ہو گئے، پیپر آئوٹ /ہیک یا واٹس ایپ کرنے والے اہلکار کی گرفتاری کا فیصلہ

منگل 22 مئی 2018 17:35

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2018ء) بور ڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن راولپنڈی کے زیر انتظام انٹر میڈیٹ پار ٹ I- کے سالانہ امتحانات شروع ہو گئے ۔ اس سلسلہ میں انتظامات کا ازسرنو جائزہ لینے کیلئے ایک اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں امتحانی امور کے نگران پروفیسر غلام محمد جھگڑ سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر تنویر ظفر کنٹرولر امتحانات عابد کھرل اور بورڈ افسران نے شرکت کی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر غلام محمد جھگڑ نے کہا کہ کمشنر /چیئرمین ندیم اسلم چوہدر ی کی سربراہی میں امتحان انٹر میڈیٹ پارٹI-کیلئے بہترین اور مؤثر انتظامات کئے گئے ہیں اس حوالہ سے کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی حکومتِ پنجاب کی طرف سے جاری کردہ SOP'sپر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا تمام امتحانی مراکز کی خفیہ بنیادوں پر مانیٹرنگ کی جائے گی پارٹ I-کے امتحان میں بھی چیئرمین سکواڈ ، سپیشل سکواڈ بورڈ کی طرف سے نامزد کردہ انسپکٹر اور خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں اپنے نامزد کردہ امتحانی مراکز کا دورہ کریں گی اور اپنی رپورٹس روزانہ کی بنیاد پر اس Whatsappنمبر0333-5914131،0345-8585394اور ای میل [email protected]، [email protected]پر صبح اور شام کی اپنی رپورٹس ارسال کریں گے اور ان رپورٹ پر فوری طور پر ایکشن لیا جائے گا تمام R.I'sروزانہ کی بنیاد پر اس بات کو یقینی بنائیں کہ کسی امتحانی عملہ یا اُمیدوار کے پاس موبائل فون نہ ہے اور تمام مراکز میں تعلیمی ایکشن پلان کے مطابق عملدرآمد کیا جارہا ہے اور پیپر کی اوپننگ صبح و شام دونوں اوقات میں بورڈ کی طرف سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق ہور ہی ہیں یہ تحریر ی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر بورڈ آفس کو ارسال کریں گے تمام طلباء و طالبات کو بہترین امتحانی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ اپنا امتحان دل جمی سے دے سکیںخصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں بھی امتحانی مراکز کا دورہ کریں گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ کسی کو بھی موبائل فون کمرہ امتحان میں لے کر جانے کی اجازت نہ ہے اگر کوئی بھی پیپر آئوٹ /ہیک یا واٹس ایپ کرتے ہوئے پکڑا گیا تو اُس کے خلاف فور ی طور پر ایف آئی آر درج کروا کر گرفتاری عمل میں لائی جائے گی اور اس کے برخاستی کے احکامات جار ی کئے جائیں گے۔ناظم مرکز اور نائب ناظم مرکز اپنے فرائض منصبی انتہائی ایمانداری اور جاںفشانی سے سرانجام دیں کیونکہ یہ طلباء وطنِ عزیز کا مستقبل ہیں آپ کی تھوڑی سی لاپرواہی اور غفلت سے ان کا مستقبل دائو پر لگ سکتا ہے آپ لوگوں کو ہمیشہ یہ بات مدِ نظر رکھنی چاہیے کہ آپ کے ہاتھ سے کسی کی حق تلفی نہ ہومورخہ 24مئی کو ہونے والے پرچہ فزکس کی مانیٹرنگ سپیشل ٹیمیں کریں گی اور وہ اس سلسلہ میں مختلف امتحانی مراکز کے سرپرائز وزٹ کریں گی۔