پی ٹی آئی کا تالاب گندی مچھلیوں سے بھر چکا ہے۔ سیاسی راہنماؤں کو غدار قرار دینے کا سلسلہ بند ہونا چایئی ،صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی

منگل 22 مئی 2018 19:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2018ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا تالاب گندی مچھلیوں سے بھر چکا ہے۔ سیاسی راہنماؤں کو غدار قرار دینے کا سلسلہ بند ہونا چایئے۔ کشن گنگا ڈیم کی تعمیر پاکستان کے خلاف بھارتی آبی دہشت گردی ہے۔

حکومت بھارتی آبی جارحیت کے خلاف عالمی سطح پر آواز اٹھائے۔ لوٹوں کو قبول کرنے والے ملک میں تبدیلی نہیں لا سکتے۔ قوم نے ایم ایم اے کو اپنی امیدوں کا مرکز بنا لیا ہے۔ کتاب کا نشان علم اور شعور کا نشان ہے۔ متحدہ مجلس عمل پی ٹی آئی، پی پی پی اور ن لیگ کو ٹف ٹائم دے گی۔ سیاست میں لوٹا ساز فیکٹریوں کا عمل دخل ختم کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

ایم ایم اے ظلم اور جرم کی سیاست کو دفن کر دے گی۔

دینی طبقات الیکشن میں بھرپور حصہ لینے کے لئے کمر بستہ ہو جائیں۔ گھر گھر جا کر نظام مصطفے کے نام پر ووٹ مانگیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جے یو پی صوبہ خیبر پختونخواہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ عام انتخابات میں شفافیت یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ الیکشن میں دھاندلی برداشت نہیں کریں گے۔

فرزندان اسلام سیاسی فرعونوں کا مقابلہ کرنے کے لئے صف بندی کر لیں۔ الیکشن میں حق اور باطل کا تاریخی معرکہ ہو گا۔ ایم ایم اے باکردار اور باصلاحیت امیدوار انتخابی میدان میں اتارے گی۔ شاہ اویس نورانی کا مزید کہنا تھا کہ سو دن کے پلان پیش کرنے والے پہلے پانچ سالوں کا حساب اور جواب دیں۔ خیبر پختونخواہ میں پی ٹی آئی کی حکومتی کارکردگی مایوس کن ہے۔ خیبر پختونخواہ میں اگلی حکومت ایم ایم اے کی ہو گی۔ خیبرپختنونخواہ کی عوام پی ٹی آئی کی حکومت سے مایوس ہے۔