کوٹلی، ماہ رمضان میں گیس سلنڈرز کی قیمتوں میں 80 روپے فی سلنڈرکا اضافہ

منگل 22 مئی 2018 23:48

کوٹلی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2018ء) ایل پی جی ایسوسی ایشن آزاد کشمیر کے صدر ملک شوکت سلیم نے انکشاف کیا ہے کہ ماہ رمضان میں گیس سلنڈرز کی قیمتوں میں 80 روپے فی سلنڈرکا اضافہ ہو چکا ہے ۔ ڈیلرز بغیر منافع سلنڈر فروخت کررہے ہیں ۔ قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں اور آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کہیں نظر نہیں آرہی ۔ شہریوں اور ڈیلرز دونوں کے لئے مشکلات کھڑی کی جا رہی ہیں ۔

آزاد کشمیر میں گیس سلنڈر کا نعم البدل لکڑ ی ہے ۔ جنگلات کا صفایا شروع ہو جائے گا ۔ گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک شوکت سلیم نے بتایا کہ ماہ رمضان کے پہلے روز سے ہی ایل پی جی سلنڈرپروڈیوسرز اور مارکیٹنگ کمپنیوں نے گیس سلنڈرز کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیادپر بیس روپے فی سلنڈر اضافہ شروع کر رکھا ہے ۔

(جاری ہے)

پانچویں روزے تک فی سلنڈر اسی روپے اضافہ ہو چکا ہے ۔

مقامی ڈیلرز نے ابھی تک اس رفتار سے اضافہ نہیں کیا اور سلنڈر بغیر منافع فروخت کرنے پر مجبور ہیں ۔ انھوںنے کہا کہ جس طرح کمپنیاں اور پروڈیوسرز روزانہ اضافہ کر رہی ہیں اس طرح سلنڈر کی قیمتیں آسمان تک جا پہنچیں گی ۔ جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمتیں کنٹرول کرنا اوگرا کا کام ہے اور اوگرا نہ جانے کہاں سو رہاہے ۔

گیس سلنڈرز کی قیمتوں میں اضافے سے نہ صرف مہنگائی بڑھے گی بلکہ جنگل کا صفایا شروع ہو جائے گا کیونکہ آزاد کشمیر میں ایل پی جی کا متبادل لکڑ ہے ۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی اپنا کردار ادا کرے اور گیس سلنڈرز کی قیمتوں میں یکدم اور مسلسل اضافے کا نوٹس لیکر قیمتیں کنٹرول کرے ۔ اگر قیمتیں کنٹرول نہ ہوئی تو ایل پی جی ایسوسی ایشن عوام کو ساتھ رکھ کر اوگرا اسلام آباد کے دفاتر اور نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے دھرنا دے گی۔