سکند ر آباد، سوراب، پولیس ایریامیں ڈکیتی کی واردات میں تشویشناک اضافہ

دومختلف واقعات میں شہری ہزاروں روپوں اورقیمتی سامان سے محروم ہوگئے

جمعرات 24 مئی 2018 16:30

سکندرآباد/سوراب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2018ء) پولیس ایریامیں ڈکیتی کی واردات میں تشویشناک اضافہ ،دومختلف واقعات میں شہروں ہزاروں روپوں اورقیمتی سامان سے محروم ہوگئے ،شہری ایکشن کمیٹی کاامن وامان کی صورتحال پرشدیدتحفظات ،عملی اقدامات اورملزمان کی فی الفورگرفتاری کامطالبہ ،تاخیرکی صورت میں پولیس انتظامیہ کے خلاف احتجاج کااعلان ،تفصیلات کے مطابق ضلع کے اے ایریامیں بڑھتے ہوئے جرائم کے واقعات میں غیرمعمولی اضافہ ہورہاہے جس سے شہری شدیدتشویش اورغیریقینی صورتحال کاشکارہوچکے ہیں،گزشتہ رات چار کلا شنکوف بردار ڈاکو قومی شاہراہ پر واقع النور پیٹرول پمپ میں داخل ہو ئے اور اسلح کے زور پر پمپ کے مینیجر سے ساٹھ ہزار روپے نقدی اور ایک آئی فون سمیت تین موبائل فون چھین کرآسانی کے ساتھ پیدل فرار ہو گئے واضع رہے کہ حالیہ دنوں میں سوراب سٹی میں چوری اورڈکیتی کے واردات میں اچانک اضافہ ہوا ہے مذکورہ واردات سے ایک دن قبل بھی نامعلوم چوروں نے سوراب بازار میں واقع زہری بیکری کے تالے توڑکر بیس ہزار روپے نقدی اور ایک موبائل فون ایزی پیسہ کے دس ہزاربیلنس سمیت دیگر سامان چراکرفرار ہوگئے تھے چوری اور ڈکیتی کے بڑھتے ہوئے واقعات سے لوگوں میں شدید بے چینی پھیل چکی ہے ،درایں اثنا شہری ایکشن کمیٹی سکندرآبادکے عہدیداران نے پولیس ایریامیں بڑھتی ہوئی بدامنی پرتشویش کااظہارکرتے ہوئے جاری کردہ بیان میں کہاہے کہ پولیس انتظامیہ کی غفلت اورناقص کارکردگی کے باعث علاقہ کے روایتی امن وامان کی صورتحال ایک بارپھرمتاثرہوچکی ہے اے ایریامیں آئے روزرونماء ہونے والی چوری ڈکیتی کے واردات پولیس کی کارکردگی پرسوالیہ نشان ہیں پولیس ایریاجوبمشکل تین کلومیٹرسے زائدنہیں مگرایک چھوٹی سی ایریابھی پولیس کے قابومیں نہیں آرہا،اب جبکہ رمضان المبارک کامہینہ چل رہاہے اورعیدکی بھی آمدہے اگرپولیس کی کارکردگی یہی رہی تولوگوں کے جان ومال کی حفاظت کے حوالے سے سنگین صورتحال پیداہوسکتی ہے جس کی شہری ایکشن کمیٹی کسی صورت اجازت نہیں دے گی ،انہوںنے پولیس کے بالائی حکام سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ اے ایریامیں چوری اورڈکیتی کے بڑھتے ہوئے واقعات پرقابوپانے کے لئے عملی اقدمات کئے جائیں بصورت دیگر شہری ایکشن کمیٹی شدیداحتجاج کاراستہ اختیارکرنے پرمجبورہوگی جس کی زمہ داری سوراب پولیس پرعائدہوگی۔