Live Updates

پاکستان کا مستقبل انتہائی تابناک ہے ،عبدالباری بڑیچ

ملک کو اندھیرے میں دھکیلنے والے دوبارہ کبھی بھی اقتدار میں نہیں آ سکیں گے،رہنما پی ٹی آئی بلوچستان

جمعرات 24 مئی 2018 16:31

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان ویسٹ ریجن کے صدر عبدالباری بڑیچ ،صوبائی رہنما حاجی سیف اللہ خان کاکڑ، ملک سمندر خان کاسی ایڈووکیٹ، داودخان اوردیگرنے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل انتہائی تابناک ہے ،ملک کو اندھیرے میں دھکیلنے والے دوبارہ کبھی بھی اقتدار میں نہیں آ سکیں گے،پارٹی میں نئے آنے والے عمران خان کی جدوجہد کو دیکھتے ہوئے ان کے قافلے میں شامل ہو رہے ہیں۔

یہ بات انہوں نے جمعرات کو پنجپائی میں پی ٹی آئی کے صوبائی دفتر کے افتتاح اور مختلف سیاسی جماعتوںسے مستعفی ہوکر صوبائی رہنما حاجی سیف اللہ کاکڑ کی قیادت میں پی ٹی آئی میں شمولیت کرنے والوںسے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ عوام آئندہ عام انتخابات میں اپنے ووٹ کی طاقت سے لوٹ مار اور کرپشن کو فروغ دینے والوںکی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کر دیں گے،پی ٹی آئی بھرپور تیاری کیساتھ انتخابی میدان میں اترے گی اور اقتدار کی باریاں لینے والوں کو شکست فاش سے دوچار کریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 2013ء کے انتخابات میں عوام سے ووٹ لینے وا لے قوم پرستوں نے عوام کی کوئی خدمت نہیں کی بلوچستان کی ترقی کیلئے آنے والے اربوں روپے کے فنڈز خوربرد کرکے اپنے بینک بیلنس میںاضافہ کیا انشاء اللہ 2018ء کے انتخابات میں پی ٹی آئی عوام کے ووٹوںسے کامیابی حاصل کرکے اقتدار میں آکر انکا کڑا احتساب کریگی اور لوٹی گئی رقم واپس لیکر قومی خزانے میں جمع کرائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات کے نتائج دو نہیں ایک پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے میں معاون ثابت ہوں گے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات