ہائرایجوکیشن کمیشن پنجاب یونیورسٹی کو بزنس انکوبیشن سنٹر کے لئے 11 ملین فراہم کرے گا

جمعرات 24 مئی 2018 16:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2018ء) ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان پنجاب یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن میں حال ہی میں قائم کئے گئے بزنس انکیوبیشن سنٹر کی ترقی کے لئے گیارہ ملین روپے کی رقم فراہم کرے گا۔ اس سلسلے میں پنجاب یونیورسٹی اور ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کے مابین معاہدہ طے پا گیا ہے۔

معاہدے پر دستخطوں کی تقریب وائس چانسلر آفس میں منعقد ہوئی تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصرہ جبیں، ڈائریکٹر آئی بی اے مسز ساجدہ نثار اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے فراہم کی جانے والی اس گرانٹ کا مقصد انٹریپنورز کو وسائل اور خدمات فراہم کرنا ہے تاکہ روزگار اور کمپنیوں کا آغاز کرنے کے لئے نئے آئیڈیاز کو عملی شکل پہنائی جا سکے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں تعلیمی اور آر اینڈ ڈی کے اداروں اورپرائیوٹ سیکٹر کے مابین تعلقات کو بھی فروغ دیا جائے گااور انٹرپینورز کو بہترین انفراسٹرکچر فراہم کیا جائے گا۔ اس موقع پر مسز ساجدہ نثار کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس سلسلے میں ہائر ایجوکیشن کمیشن نے 6 مارچ 2018 کو انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن میں قائم بزنس انکیوبیشن سنٹر کا سروے کیا تھاسروے کے بعد ہائرایجوکیشن کمیشن نے سنٹر کی بہترین رپورٹ دی جو کہ اس معاہدے پر منتج ہوئی ہے۔ اس معاہدے سے ملک میں چھوٹے کاروبار کو فروغ ملے گا جس سے ملکی معیشت مضبوط ہو گی جس میں پنجاب یونیورسٹی کا کردار جاری رہے گا۔