جمعیت علمائے پاکستان (نورانی) کے زیر اہتمام بھارتی جارحیت کے خلاف ملک بھر میں انڈیا مردہ باد منایا گیا

جمعہ 25 مئی 2018 22:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مئی2018ء) جمعیت علمائے پاکستان (نورانی) کے زیر اہتمام بھارتی جارحیت کے خلاف ملک بھر میں انڈیا مردہ باد منایا گیا۔ جمعہ کے اجتماعات میں بھارتی مظالم کے خلاف مذمتی قرارداتیں منظور کی گئیں۔ جمعیت علمائے پاکستان (نورانی) کے صدر ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر نے حیدر آباد میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے اشتعال انگیزی کی تمام حدیں پار کردیں ہیں اور بلاجواز فائرنگ کرکے پاک فوج کے جوانوں اور معصوم شہریوں کو شہید کر رہا ہے۔

اب احتجاج اور مذمت کا وقت نہیں اب مودی کی مرمت کا وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی کی جارہی ہے۔ سلامتی کونسل قاتل کونسل کا کردار ادا کر رہی ہے جبکہ دنیا بھر کی نام نہاد انسانی حقوق کی تنظیمیں بے گناہ مسلمانوں کے قتل عام پر خاموش ہیں۔

(جاری ہے)

مرکزی سیکرٹری جنرل سید محمد صفدر شاہ گیلانی نے میانوالی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خلائی مخلوق کا واویلا کرنے والے خود خلائی مخلوق کے سہارے سیاست میں آکر اپنی کرپشن سے بچنے کیلئے قوم کو فوج اور عدلیہ کے خلاف بغاوت پر اکسا کر خانہ جنگی کی خوفناک فضاء پیدا کر رہے ہیں۔

مفتی طاہر تبسم قادری نے لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں تنہا کرنے کے خواب دیکھنے والا بھارت اپنی فکر کرے اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو بھارت کا حشر جو ہوگا وہ دنیا دیکھے گی۔ کراچی میں سید عقیل انجم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم بھارتی جارحیت کے خلاف پاک فوج کے ساتھ ہے۔ مرکزی دفتر میں آمدہ اطلاعات کے مطابق گوجرانوالہ میں پیر غلام رسول اویسی، منڈی بہائو الدین میں صاحبزادہ عمار سعید، مردان میں مولانا یاسر فرید اعوان، ٹیکسلا میں پیر سعید احمد نقشبندی، مظفر گڑھ میں میاں عبدالقیوم قریشی، ڈیرہ غازی خان میں مولانا مشتاق احمد، رحیم یار خان میں صاحبزادہ حبیب اللہ، ساہیوال میں مولانا رشید احمد خان، میر پور آزاد کشمیر میں مولانا قاری الطاف احمد نقشبندی، شیخوپورہ میں مفتی محمد اشرف قادری، پشاورمیں پیر سید سبطین شاہ گیلانی، جنیوٹ میں خضر حیات اعوان، گجرات میں پیر عاشق شاہ، راولپنڈی میں عبدالقدوس سہوی، سوات میں پیر جمال الدین نے بھی جمعہ کے بڑے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے مطالبہ کیا کہ بلوچستان سے پکڑے جانے والے بھارتی راء کے ایجنڈ کل بھوشن کو فوری طور پر پھانسی دی جائے جبکہ قوم غیرت ایمانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی گانوں، ڈراموں، فلموں سمیت ہندو کلچر کا مکمل بائیکاٹ کرے۔