بھارت نے آبی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دریائے چناب کا پانی روک دیا

پانی کی شدید قلت کے باعث ہیڈ پنجند کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کا اخراج صفر ہوگیا

ہفتہ 26 مئی 2018 19:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2018ء) بھارت نے آبی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دریائے چناب کا پانی روک دیا۔ذرائع کے مطابق بھارت نے بگلیہار ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنا شروع کردیا ہے جس کی وجہ سے دریائے چناب میں 30 ہزار کیوسک پانی کم ہوگیا ہے۔ دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کی آمد صرف 20 ہزار کیوسک رہ گئی۔ ٰمئی 2017 میں اسی عرصے کے دوران دریائے چناب میں پانی کی آمد 50 ہزار کیوسک سے زیادہ تھی۔

(جاری ہے)

پانی کی شدید قلت کے باعث ہیڈ پنجند کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کا اخراج صفر ہوگیا ہے۔ صورتحال برقرار رہی تو پنجاب اور سندھ کو پانی کی کٹوتی کا خدشہ ہے۔ بھارت نے دریائے چناب پر بگلیہار ڈیم مشرف دور میں بنایا تھا۔یاد رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے چند روز قبل ہی سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں کشن گنگا ڈیم کا افتتاح بھی کیا ہے۔پاکستان نے اس معاملے کو عالمی بینک میں اٹھایا جو سندھ طاس معاہدے کا ضامن ہے تاہم عالمی بینک نے بھی پاکستان کے اعتراضات کو ناکافی قرار دے کر مسترد کردیا۔