ملاکنڈ : بجلی کی فراہمی کا جدید متبادل3ارب روپے کی خطیر لاگت کا اہم میگا پراجیکٹ، 220کے وی تھانہ گرڈسٹیشن کی تعمیر اور ہیوی مشینری کی تنصیب کا کام مکمل ہو گیا منصوبے کا باقاعدہ افتتاح آئندہ ہفتے کیا جائے گا

ہفتہ 26 مئی 2018 20:57

ملاکنڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مئی2018ء) ملاکنڈ ڈویژن کو بجلی کی فراہمی کا جدید متبادل3ارب روپے کی خطیر لاگت کا اہم میگا پراجیکٹ، 220کے وی تھانہ گرڈسٹیشن کی تعمیر اور ہیوی مشینری کی تنصیب کا کام مکمل ہو گیا منصوبے کا باقاعدہ افتتاح آئندہ ہفتے کیا جائے گا وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے گذشتہ روز نل روڈ تھانہ میں اس ہیوی گرڈ سٹیشن کا اچانک معائنہ کیا جبکہ مسلم لیگ ن ملاکنڈ کے ضلعی صدر سجاد خان سٹی صدر علی محمد خان شیر زمان ارشد علی خان اور لطیف خان بھی اس موقع پر موجود تھے مشیر وزیر اعظم نے گرڈ کے مختلف حصے دیکھے اور کام کے معیار پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا اس موقع پر انھوں نے مقامی لیگی رہنمائوں سے بات چیت کرتے ہو ئے کہا کہ وفاقی حکومت کے اس اہم منصوبے سے ڈویژن کے مختلف اضلاع سوات بونیر شانگلہ دیر لوئر دیر اپر چترال اور ملاکنڈکو درپیش بجلی سنگین مسئلے سے نجات مل جائے گی جبکہ پورے علاقے سے سسٹم کی اوور لوڈنگ فیڈر ٹریپنگ لو وولٹیج سمیت اضا فی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو جائے گا انھوں نے کہاکہ یہ منصوبہ مسلم لیگ ن اور قائد میاں محمد نواز شریف کی جانب سے ملاکنڈ ڈویژ ن کی عوام کیلئے ایک عظیم تحفہ ہے دریں اثنا پراجیکٹ کی کنسٹرکشن کمپنی کے ایم ڈی فیاض خان نے میڈیا کو بتایا کہ نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیج کمپنی لمیٹڈ این ٹی ڈی سی کے زیر اہتمام 220KV ہیوی گرڈ سٹیشن کاسنگ بنیاد 25دسمبر2016کو وزیر اعظم پاکستان کے مشیر برائے پانی و بجلی پٹرولیم انجینئر امیر مقام نے اپنے دست مبارک رکھا تھا سوکینال اراضی پرمشتمل اس ہیو ی گرڈ میں150MVAکے دو پاور ٹرانسفارمرز نصب کئے جا چکے ہیںجبکہ مردان گرڈ سے 70کلومیٹر طویل ٹرانسمیشن لائن جوکہ 92ٹاور پر مشتمل ہے کی تنصیب بھی مکمل ہو گئی ہے انھوں نے کہاکہ یہ پاور لائن طورو معیار کاٹلنگ سے آگے میاں خان سنگائوسے ہو تے ہوئے پلئی غازی بابا مورہ کے پہاڑوں سے گزار کر تھانہ پہنچائی گئی ہے فیاض خان نے کہاکہ ترقی و خوشحالی کے اس منصوبے کی تکمیل سے علاقے میں توانائی کے بحران کا خاتمہ ہو گا جس سے صنعت روزگار زراعت اورسیاحت وغیرہ کے نئے مواقع پیدا ہو نگے انھوں نے کہاکہ یہ ملاکنڈ ڈویژن کا پہلا220KVگرڈ سٹیشن ہے ۔