پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی یوم تکبیر کے موقع پر قوم کو مبارکباد

ہمیںاعادہ کر نا ہے کہ وطن عزیز کی سالمیت ، خود مختاری کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، محمدشہباز شریف کا یوم تکبیر کے موقع پر پیغام

اتوار 27 مئی 2018 20:40

لاہور۔27 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے یوم تکبیر کے موقع پر قوم کو مبارکباد دی ہے،محمد شہباز شریف نے یوم تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 28مئی پاکستان کی سیاسی اور دفاعی تاریخ کا اہم ترین دن ہے ، اس دن محمد نواز شریف نے تمام تر دبائو کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ایٹمی دھماکے کئے اورایک نئی تاریخ رقم کی، پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کا کریڈٹ محمد نواز شریف کی ولولہ انگیز اور جرأت مند قیادت کو جاتا ہے جنہوں نے اغیار کی امداد کو ٹھوکر مار کر ایٹمی دھماکے کر کے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا،انہوں نے کہا کہ28مئی 1998 ء کو پاکستان کے اس تاریخی کارنامے سے پوری قوم کا سرفخر سے بلند ہوا، یوم تکبیر پاکستانی قوم اور دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے فخر کا دن ہے کیونکہ آج کے دن پاکستان دنیا کے نقشے پر پہلی مسلم ایٹمی قوت کے طور پر ابھرا،محمد شہبازشریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لازوال قربانیاں دی ہیں اور ہمت و جرات کی نئی تاریخ رقم کی ہے، محمد شہباز شریف نے کہا کہ یوم تکبیر کے یادگار اور تاریخی دن کے موقع پر میںان بہادر سپوتوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے مادرِ وطن کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے، محمد شہبازشریف نے کہا کہ آج ہمیں اس عزم کا اعادہ کر نا ہے کہ وطن عزیز کی سا لمیت ، خود مختاری اور دفاع پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے اور پاکستان کی بقاء اورسلامتی کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کریں گے۔