مرکزی سیرت کمیٹی کا شب نزول قرآن لیلة القدر کو شایان شان انداز سے منانے کیلئے ’’شب بیداری ‘‘ کافیصلہ

منگل 29 مئی 2018 18:35

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 مئی2018ء) مرکزی سیرت کمیٹی کا شب نزول قرآن لیلة القدر کو شایان شان انداز سے منانے کیلئے ’’شب بیداری ‘‘ کافیصلہ،جامع مسجد مرکزی عیدگاہ میں تکمیل قرآن کریم کی تقریب کے بعد محفل حسن قرات، حمدونعت اجتماعی درودوسلام،خطاب ، اجتماعی صلوٰة تسبیح، محفل ذکر،اجتماعی دعاکی جائے گی،شب بیداری کے عظیم روحانی اجتماع میں معروف و جیدعلماء کرا، قراء حضرات،نعت خواں اور کثیرتعدادمیں فرزندان اسلام شریک ہوں گے،یہ فیصلے مرکزی سیرت کمیٹی کی انتظامیہ کے ایک اہم اجلاس میں کئے گئے جس کی صدارت صدر مرکزی سیرت کمیٹی صاحبزادہ پیر محمدسلیم چشتی نے کی،اجلاس میں سیکرٹری جنرل عتیق احمدرضا،نائب صدر علامہ محمدحسن حقانی،علامہ قاری ضیاء المصطفیٰ منور،علامہ محمدپرویز قریشی، کوکب سلیم چشتی ایڈووکیٹ،محمدسفیررضاودیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں دیگر اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور کئی اہم فیصلے کئے گئے۔ لیلة القدر کو شب بیداری اجتماع کے حوالہ سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق بعدازنماز تراویح 10:40 بجے شب آغازتقریب تکمیل قران،11:10محفل حسن قرات، 12:00‘محفل حمدو نعت ‘خطاب ،اجتماعی درودوسلام،01:00بجے شب صلوٰة تسبیح، اجتماعی محفل ذکر، 2:00اجتماعی دعاہوگی،اس عظیم الشان روحانی اجتماع کے انتظامات کے حوالہ سے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مرکزی سیرت کمیٹی صاحبزادہ پیر محمدسلیم چشتی نے کہاکہ مرکزی سیرت کمیٹی ریاست کی قدیمی نمائندہ دینی تنظیم ہونے کی حیثیت سے خصوصی ایام اور دینی شعائر کی ترویج و اشاعت اور فروغ کے لئے اپنا کرداراداکرتی رہے گی۔انہوںنے مرکزی سیرت کمیٹی کے جملہ ذمہ داران کو جامع مسجد مرکزی عیدگاہ میں صلوٰ ة تراویح کے خوبصورت اہتمام پر انہیں ہدیہ تبریک پیش کیا اور کہا کہ بلا مبالغہ مرکزی سیرت کمیٹی نے مرکزی عیدگاہ میں جس طرح کے مستند اور خوش الحان حفاظ و قراء حضرات کی تعیناتی کرکے کلام اللہ سے محبت کرنے والوں کو نماز تراویح کے دوران قرآن کی خوبصورت اندازسے تلاوت کی سماعت کا شاندار موقع فراہم کیا ہے،جو لائق صدتحسین ہے۔

انہوںنے کہاکہ ما ہِ صیام کی بابرکت ساعتوں میں اخوت و روادری،ایثاروانسانی ہمدردی کے جذبات کو فروغ دیا جائے اورمالی وبدنی عبادات کے ساتھ ساتھ حقوق العباد کا خاص خیال رکھا جائے،لیلة القدر بڑی عظمتوں والی شب ہے جس میں قرآن کریم کو نازل کیا گیا اور اس رات اللہ تعالیٰ کی رحمت کے فرشتے آسمان دنیا پہ نزول کرتے ہیں اور اللہ تعالیٰ کی رحمت کا سمندر موجزن ہوتا ہے۔اس شب بے شمار گناہگاروں کی بخشش کی جاتی ہے ۔انہوںنے کہاکہ لیلة القدر کے اجتماع میں عوامی سہولت کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :