بعض فیصلوں پر تحفظات کے باوجود ان کی بطور نگراں وزیراعظم نامزدگی کا خیرمقدم کرتے ہیں،اسداللہ بھٹو

عوام خوشحال پاکستان کیلئے متحدہ مجلس عمل کے صادق وامین نمائندوں کو ووٹ دیکر کامیاب کریں،افطارپارٹی سے خطاب

منگل 29 مئی 2018 18:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2018ء) نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان ومتحدہ مجلس عمل کے این اے 242پر نامزد امیدوار اسداللہ بھٹو نے کہا ہے کہ جسٹس ناصر الملک کے ماضی میں کئے گئے بعض فیصلوں پر تحفظات کے باوجود ان کی بطور نگراں وزیراعظم نامزدگی کا خیرمقدم کرتے ہیں کیوں کہ ہم انتخابات میں تاخیر نہیں چاہتے، بروقت وشفاف انتخابات کا انعقاد قومی مفاد اور عوام کی اولین ترجیح ہے،نامزد نگراں وزیراعظم قوم کی امیدوں پر پورا اترکر سرخروں ہونگے۔

روزہ انسان کے اندر تقویٰ اور خدا کا خوف پیدا کرتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے تحت احسن آباد گلشن معمار میں عوامی دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ضلع وسطی کے جنرل سیکریٹری محمد یوسف،امیر زون عبدالواجد شیخ،قیم امین اشعر نے بھی خطاب کیا جبکہ علی حیدر نے نعت رسولؐ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔

(جاری ہے)

اسداللہ بھٹو نے مزید کہا کہ قرآن کا نزول اور اسلامی حکومت کا قیام بھی رمضان شریف میں ہوا،روزہ ہمارے اندر اللہ کا خوف پیدا کرتا ہے، جہاں رمضان شریف میں روزے فرض کئے وہاں پر اللہ تعالیٰ نے 17رمضان المبارک کو جنگ بدر کے ذریعے آپ ؐ کو اسلامی حکومت عطا کی تھی اور مدینہ کی مثالی اسلامی حکومت کے ذریعے عدل وانصاف اور معاشرہ امن کا گھوارہ بن گیا۔

پاکستان کو ایک اسلامی وفلاحی اور جمہوری ریاست بنانے کیلئے دینی جماعتوں کا اتحاد کا قیام عمل میں آیا ہے۔انہوں نے زور دیا کہ عوام ملک میں شریعت کے نفاذ اور اسلامی وخوشحال پاکستان کیلئے متحدہ مجلس عمل کے صادق وامین نمائندوں کو ووٹ دیکر کامیاب کریں۔اس موقع پر قیم ضلع وسطی محمد یوسف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان نزول قرآن کا مہینہ ہے،جو صرف پڑھنے کیلئے نہیں بلکہ اسے اپنی زندگی کا دستور عمل بناکر پوری دنیا میں نافذ کرنے کا مطالبہ کرتا ہے،یہ مہینہ سراسر رحمت کا مہینہ ہے، جس میں خیر کے تمام دروازے کھول دیئے جاتے ہیں۔

دریں اثنا ء اسداللہ بھٹو نے جامع مسجد احسن آباد کے امام و خطیب مولانا عبدالباسط سے ملاقات کرکے اتحاد امت اورانتخابات میں ایم ایم اے کی کامیابی کے لیے دعا کی درخواست کی۔