آزاد کشمیر اسمبلی کا اجلاس، آزاد جموں وکشمیر عبوری آئین ایکٹ 2018ء اتفاق رائے سے منظور

مسودہ کی ایوان کمیٹی آن بلز کے سپرد کردیا گیا

بدھ 30 مئی 2018 15:47

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2018ء) آزاد جموںو کشمیر قانون ساز اسمبلی اور آزاد جموں وکشمیر کونسل کا مشترکہ اجلاس ڈپٹی سپیکر سردارفاروق احمد طاہر کی زیر صدارت بدھ کے روز منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر قانون و پارلیمانی امور نے مسودہ قانون ’’آزاد جموں وکشمیر عبوری آئین( تیرھویںترمیم)ایکٹ 2018کی ایوان میں سے منظوری کے لئے تحریک پیش کی جس کو ایوان نے اتفاق رائے منظور کیا اور مسودہ کو ایوان کی کمیٹی آن بلز کے سپرد کیا گیا ۔

(جاری ہے)

ممبراسمبلی عبدالرشید ترابی نے پوائنٹ آف آرڈر پر کہا کہ تیرھویں ترمیمی بل کا مسودہ انگریزی میں ہے اس کے ساتھ اس کا اردو ترجمہ بھی ہونا چاہے ۔ اپوزیشن ممبر اسمبلی عبدالماجد خان نے پوائنٹ آف آرڈر پر مسودہ بل کمیٹی آن بلز کے سپر د کرنے پر اعتراض کیا اور کہا کہ کمیٹی آن بلز کے اپوزیشن سے ممبر چوہدری عبدالمجید بیرون ملک ہیں ۔ حکومت اس کام میں بہت تیزی دکھا رہی ہے ممبر اسمبلی چوہدری عبدالمجید کی عدم موجودگی میں سپیکر نے ممبر اسمبلی عبدالماجد خان کو کمیٹی میں شامل کیا۔بعدازاں اجلاس کو یکم جون دن دوبجے تک ملتوی کر دیا گیا ۔