کراچی میں شفاف مردم شماری کی بنیاد پر عام انتخابات کرائے جائیں ،ایم کیو ایم

الیکشن شیڈول جاری کرنے سے قبل پانچ فیصد تھرڈ پارٹی آڈٹ ہونا چاہیے، اگر درخواست نہیں مانی گئی تو عدالت سے رجوع کرینگے،فیصل سبزواری

بدھ 30 مئی 2018 17:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2018ء) ایم کیو ایم پاکستان نے الیکشن کمیشن کو درخواست دیدی کہ کراچی میں شفاف مردم شماری کی بنیاد پر عام انتخابات کرائے جائیں اور مطالبہ کیا ہے کہ الیکشن شیڈول جاری کرنے سے قبل پانچ فیصد تھرڈ پارٹی آڈٹ ہونا چاہیے، اگر درخواست نہیں مانی گئی تو عدالت سے رجوع کرینگے۔بدھ کو کراچی میں صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر میں در خواست جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے چیف الیکشن کمیشن کو درخواست دی ہے کہ شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے اور مردم شماری میں حلقہ بندی قابل اعتراض ہے انہوں کہا کہ عام انتخابات جس مردم شماری کی بنیاد پر ہونگے وہ بھی قابل اعتراض ہوں گے اور مردم شماری کے نتائج پر پورے ملک میں احتجاج ہوا تھا انکا کہنا تھا مشترکہ مفادات کی کونسل نے طے کیا تھا کہ مردم شماری کے نتائج اس وقت تک نتائج کا اعلان نہیں ہوگا جب تک کچھ بلاک کا تھرڈ پارٹی آڈٹ نہ ہو اور کراچی کی آبادی ڈھائی کروڑ سے کم نہیں تھی جبکہ آبادی کو آدھا دکھایا گیا انہوں کہا کہ جو کچھ ملے گا وہ آدھی آبادی کے حساب سے ملے گا جسے ہم نہیں مانتے اور اسلام آباد میں حلقہ بندیوں کو کالعدم قرار دیدیا لیکن یہاں ایسے حلقہ بنے ہیں جس پر کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الیکشن شیڈیول جاری کرنے سے پہلے پانچ فیصدتھرڈ پارٹی آڈٹ ہونا چاہیئے اور ہم صرف چاہتے ہیں کہ مردم شماری کی شفافیت پر ہے اور اگر ہماری درخواست نہ مانی گئی تو عدالت میں جائیں گے۔