جماعت اسلامی کے تحت کل پانی کی قلت کے خلاف ہونے والا احتجاجی دھرنا عوام کے دلوں کی آواز اور اہلیان کراچی کے مسائل کے حل کیلئے اہم پیش رفت ثابت ہوگا،اسد اللہ بھٹو کا عوامی دعوت افطار سے خطاب

بدھ 30 مئی 2018 21:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 مئی2018ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان، صد ر ملی یکجہتی کونسل سندھ و نامزدامیدوار این اے 242 اسد اللہ بھٹو نے کہا ہے کہ شہر میں پانی کی قلت کے ذمہ دار موجودہ و سابق حکمراں ہیں۔ دس پندرہ سال حکومت میں رہنے کے باوجود پیپلز پارٹی و ایم کیو ایم نے کراچی پانی کے مسئلے پر توجہ نہ دیکر کراچی کے عوام کے ساتھ غداری کی ہے۔

جماعت اسلامی کے تحت 31 مئی کو (آج) پانی کی قلت کے خلاف ہونے والا احتجاجی دھرنا عوام کے دلوں کی آواز اور اہلیان کراچی کے مسائل کے حل کیلئے اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے تحت محمدی گوٹھ میں منعقدہ عوامی دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر زون عبدالواحد شیخ،، قیم امین اشعر و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی نے اپنے منشور اور انتخابی مہم کے دوران کراچی کے مسئلے کو حل کرنے کرنے کا وعدہ کیا تھاجو کہ ان کی کرپشن و نا اہلی کی وجہ سے پورا نہ ہوسکا۔ کراچی ملک کا سب سے بڑا شہر اور صوبائی دار الخلافہ ہے۔ کراچی سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا شہر ہے۔ مگر اس کے باوجود فراہمی آب کا کوئی مو ثر منصوبہ پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ سکا۔ سابق ناظم نعمت اللہ خان قلت آب کے خاتمے کیلئے مو ٴثر منصوبہ بندی کی تھے مگر افسوس کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے اس خاص توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے آج کراچی کے شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں۔