الاقصیٰ اور ارض الحرمین الشریفین کے خلاف سازشیں کرنے والی قوتوں کو ناکام بنانا مسلم امة پر فرض ہے، حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

مسلمانوں کی وحدت کے مراکز حرمین الشریفین والاقصیٰ ہیں ، فلسطینی اور کشمیری مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ، ارض الحرمین الشریفین اور الاقصیٰ پر حملہ آور مسلمانوں کے مقدسات کے دشمن ہیں ، قوم اور فوج کو تقسیم کرنے کی سازشیں ناکام ہوں گی ، پاک فوج اور ملک کے سلامتی کے اداروں کے خلاف مہم کا مقصد پاکستان کی سلامتی اور استحکام سے کھیلنا ہے، پاکستانی قوم انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے، پریس کانفرنس

جمعرات 31 مئی 2018 20:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مئی2018ء) الاقصیٰ اور ارض الحرمین الشریفین کے خلاف سازشیں کرنے والی قوتوں کو ناکام بنانا مسلم امة پر فرض ہے ،مسلمانوں کی وحدت کے مراکز حرمین الشریفین والاقصیٰ ہیں ، فلسطینی اور کشمیری مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ، ارض الحرمین الشریفین اور الاقصیٰ پر حملہ آور مسلمانوں کے مقدسات کے دشمن ہیں ، قوم اور فوج کو تقسیم کرنے کی سازشیں ناکام ہوں گی ، پاک فوج اور ملک کے سلامتی کے اداروں کے خلاف مہم کا مقصد پاکستان کی سلامتی اور استحکام سے کھیلنا ہے، پاکستانی قوم انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے ، یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے جامعہ مسجد زینب گوجرانوالہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ،اس موقع پر مولانا عبد الحمید وٹو ، حاجی محمد طیب شاد قادری ، مولانا محمد اشفاق پتافی، مولانا اسید الرحمن ،حافظ امجد محمود معاویہ ، ڈاکٹر عمر فاروق کمبوہ ، حافظ عبد الجبار ، مولانا عبد الرحمن اظہر ، حاجی احمد علی معاویہ ، مولانا محمد صدیق و دیگر بھی موجود تھے ، انہوں نے کہا کہ مسلم امة میں انتشار پیدا کرنے کیلئے فرقہ وارانہ تشدد کا جال پھیلایا گیا ہے ، پاکستان کی وحدت اور سا لمیت کیلئے تمام مکاتب فکر متحد ہیں، مذہبی قوتوں نے آپریشن ضرب عضب، قومی ایکشن پلان اور پیغام پاکستان کی مکمل تائید و حمایت کی ہے ۔

(جاری ہے)

کسی گروہ جماعت کو اپنی رائے قوم اور ملک پر مسلط کرنے کا حق نہیں ہے ، پاکستان میں رہنے والے غیر مسلموں کا تحفظ حکومت اور مسلمانوں کی ذمہ داری ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے خلاف عالم کفر کو متحد ہو چکا ہے ، سعودی عرب پر مسلسل میزائل حملے کرنے والے گروہوں اور ان کے سرپرستوں کے خلاف اسلامی سربراہی کانفرنس اور اقوا م متحدہ کو ایکشن لینا چاہیے ۔

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستانی قوم سعودی عرب اور فلسطین کی عوام اور حکومت کے ساتھ ہے ، اسرائیلی اور حوثی باغیوں کی جارحیت کسی صورت قابل قبول نہیں ہے ، الاقصیٰ کی آزادی اور سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام کیلئے امت مسلمہ کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ عالم اسلام میں تباہی پھیلانے کیلئے مسلح گروپ اور ملیشائوں کو بنایا گیا ہے ، اسلامی اور عرب ممالک میں بیرونی مداخلت تمام مسائل کا سبب ہے، تمام اسلامی ممالک کو دوسرے ممالک میں مداخلت نہ کرنے کا عزم کرنا چاہیے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ایٹمی اثاثے پاک فوج اور قوم کی حفاظت میں ہیں ، پاک فوج کے خلاف مہم چلانے والے دراصل پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے دشمن ہیں ، جنرل اسد درانی نے کتاب لکھ کر پاک فوج اور پاکستانی قوم کے جذبات کی توہین کی ہے ، سپہ سالار قوم کی طرف سے اسد درانی کے خلاف ایکشن درست سمت قدم ہے، ایک قرار داد میں سکھ رہنما کے پشاور میں قتل کو افسوسناک اور قابل مذمت قرار دیا گیا اور کہا گیا کہ غیر مسلم مذاہب کے ماننے والوں اور ملک کے جید علماء اور مذہبی قائدین کو سیکورٹی فراہم کی جائے ۔

ایک اور قرارداد میں پیغام پاکستان کو قومی بیانیہ قرار دینے کیلئے قانون سازی اور مشاورت کا عمل شروع کرنے کا مطالبہ کیا گیا اور کہا گیا کہ پیغام پاکستان درست سمت قدم ہے جس کی مزید بہتری کیلئے قانون سازی کی جائے۔ کانفرنس کے اختتام میں 20 رمضان المبارک سے 30 رمضان المبارک تک عشرہ تحفظ ارض الحرمین الشریفین والاقصیٰ منانے کا اعلان کیا گیا جس کا مرکزی اجتماع 10 جون کو ناصر باغ لاہور میں ہوگا۔ جبکہ 02 جون کو شیخوپورہ ، 03 جون کو اوکاڑہ اور 04جون کو اسلام آباد میں تحفظ ارض الحرمین الشریفین والاقصیٰ کانفرنسیں ہوں گی۔