گلگت بلتستان کو اپنا گھر ما نتا ہوں ، جو محبت گلگت کے عوام سے ملی ہے اُس کی کوئی نظیر نہیں،برجیس طاہر

بطور گورنر گلگت بلتستان اور وفاقی وزیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان اپنے تمام فرائض آئین وقانون کے مطابق سرانجام دینے کی بھرپور کوشش کی،ہمیشہ ان اقدامات کی حوصلہ افزائی کی جن سے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات میسر آئیں وفاقی وزیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر کا تقریب سے خطاب

جمعرات 31 مئی 2018 22:47

اسلام آباد: (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 31 مئی2018ء) وفاقی وزیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر کے اعزاز میںجی بی ہائوس اسلام آباد میں الوادعی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔تقریب کی میزبانی گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن گلگت بلتستان کونسل کے ممبران اور ایم ایس ایف گلگت بلتستان کے کارکنوں نے کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ وہ گلگت بلتستان کو اپنا گھر مانتے ہیں اور جو محبت انہیں گلگت بلتستان کے عوام کی جانب سے گزشتہ پانچ سالوں میں ملی ہے اُس کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔ انہوںنے کہا کہ بطور گورنر گلگت بلتستان اور وفاقی وزیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان انہوںنے اپنے تمام فرائض آئین وقانون کے مطابق سرانجام دینے کی بھرپور کوشش کی اور ہمیشہ ان اقدامات کی حوصلہ افزائی کی جن سے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات میسر آئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بطور گورنر،گلگت بلتستان میں صاف وشفاف اور پرُامن انتخابات کا انعقاد اُن کی بڑی کامیابی تھی جس کو پورے ملک میں سہراہا گیا ۔انہوںنے کہا کہ بطور وزیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان انہوںنے گلگت بلتستان میں محمدنوازشریف کے وژن کو عملی جامہ پہنچانے کی بھرپور کوشش کی جس میں انہیں ہمیشہ حافظ حفیظ الرحمن اور مسلم لیگ(ن) گلگت بلتستان کا بھرپور تعاون دستیاب رہا۔

انہوںنے کہاکہ گلگت بلتستان میں 2015 ء کے انتخابات میں عوام نے محمدنوازشریف کے وژن کو ووٹ دیا جس کو عملی جامہ پہنچانے کے لیے حافظ حفیظ الرحمن کا انتخاب کیا گیا جو انتہائی باصلاحیت شخصیت کے مالک ہیں انہوںنے کہاکہ آج گلگت بلتستان میں میرٹ کی پاسداری قائم ہو چکی ہے اور تمام اُمور حکومت شفاف انداز میں سرانجام دیے جارہے ہیں چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہاکہ آج گلگت بلتستان میں نئے اضلاع کاقیام ،گلگت سکردو شاہراہ اور حقوق کے حوالے سے گلگت بلتستان آرڈر2018 ء سمیت وہ تمام وعدے پورے کردیے گئے ہیں جن کا وعدہ محمدنوازشریف نے گلگت بلتستان کے عوام سے کیا تھا۔

انہوںنے کہاکہ سی پیک کی صورت میں گلگت بلتستان میں ترقی وخوشحالی کے بڑے روشن امکانات ہیں اور گلگت بلتستان مستقبل میں پاکستان کے ٹائیگرکے طور پر جانا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ یہ سب کچھ محمدنوازشریف کا کمال ہے جس نے نہ صرف گلگت بلتستان کوبلکہ پورے پاکستان کو ترقی وخوشحالی کی ایک نئی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ اب پاکستان کے عوام پر بھی فرض بنتا ہے کہ وہ نوازشریف سے ہونے والی زیادیتوں کا ازالہ 2018 ء کے انتخابات میں اپنے ووٹ کے ذریعے کریں اور یہ ثابت کریں کہ پاکستان کی عوام کی محمد نوازشریف کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔