Live Updates

لیگ کے ارباب خضرحیات نے عمران خان کو پشاور کے حلقہ این اے 30 سے الیکشن لڑنے کا چیلنج دے دیا

اگر کپتان کی ضمانت ضبط نہ ہوئی تو اسی دن مسلم لیگ ن کو خیرباد کہہ دونگا، لیگی رہنماء کی صحافیوں سے گفتگو

جمعرات 31 مئی 2018 23:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 31 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما ارباب خضرحیات نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو پشاور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 30 سے الیکشن لڑنے کا چیلنج دے دیا ہے، اگر عمران خان میں ہمت ہے تو وہ پشاور کے حلقہ این اے 30 سے میرے مقابلے میں الیکشن لڑنے کا اعلان کریں ،اگر ان کی ضمانت ضبط نہ ہوئی تو اسی دن مسلم لیگ ن اور نوازشریف کو خیرباد کہہ دونگا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ارباب خضر حیات نے کہا کہ عمران خان اور ان کی جماعت نے خیبر پختونخوا میں پانچ سال حکومت کر کے عوام کو سوائے تکالیف کے کچھ بھی نہیں دیا ہے اور حکومت کی کارکردگی صفر کے برابر ہے یہی وجہ ہے کہ عمران خان کسی بھی حلقہ سے اپنے سابقہ امیدوار نہیں اتار رہے ہے اسلئے وہ دوسری جماعتوں کے لوٹوں کو اکھٹا کر کے میدان میں اتار رہے ہیں مگر وہ یاد رکھے کہ تحرک انصاف کا سیاسی جنازہ 25 جولائی کو مینار پاکستان لاہور میں اداکیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ارباب خضرحیات نے کہاکہ تحریک انصاف کوئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ ملک کو تباہی کے دھانے پر لاکھڑا کرنے والی ایک شرپسند جماعت ہے جس کا منشور صرف اور صرف ملک میں تشدد اور آنارکی پھیلانا ہے انہوں نے کہا کہ عمران خان کا وزیراعظم بننے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو سکتا کیونکہ انہیں سیاست کی الف ب کا پتہ نہیں اور سیاست کرکٹ کا کھیل نہیں جس میں چھکے چوکوں سے کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام پانچ سال میں تحریک انصاف کی تبدیلی دیکھ چکے ہیں وہ مذید ان بہروپیوں کے دھوکے میں نہیں آنے والے ہیں اور اس بار الیکشن میں تحریک انصاف کے امیدواروں کی ضمانتیں بھی ضبط ہو جا ئے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا تخت لاہور پر حکمرانی کا خواب بھی چکنا چور ہو جائے گا اور پورے ملک سے تحریک انصاف کی سیاست ہمیشہ کے لئے ختم ہو جائے گی اور عمران خان اپنی نااہل ٹیم کے ہمراہ ملک چھوڑنے پر مجبور ہو جائنگے جبکہ اگلے وزیراعظم شہباز شریف ہونگے اور مسلم لیگ ن دو تہائی اکثریت سے کامیابی حاصل کر یگی کیونکہ ملکی عوام نوازشریف کے ساتھ کھڑی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات