جسٹس (ر)دوست محمد خان خیبرپختونخوا کے نگران وزیراعلی منتخب

اسپیکر صوبائی اسمبلی نے الیکشن کمیشن کو 4 نام ریفر کیے تھے،الیکشن کمیشن نے اتفاق رائے کے بعد اعلان کیا،ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن اختر نزیر کی میڈیا سے گفتگو

منگل 5 جون 2018 12:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 جون2018ء) الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا کے نگران وزیر اعلی کے نام کا اعلان کر دیا ،جسٹس (ر)دوست محمد خان نگران وزیر اعلی خیبرپختونخوا ہوں گے۔منگل کو الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن اختر نزیر نے کہا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے سپیکر نے نگران وزیر اعلی خیبرپختونخوا کے لیے چار نام ریفر کئے تھے،آج الیکشن کمیشن میں اجلاس ہوا جس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر نے کی ضروری مشاورت کے بعد الیکشن کمیشن نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ نگران وزیر اعلی خیبرپختونخوا جسٹس (ر)دوست محمد خان ہوں گے۔

ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ جسٹس(ر) دوست محمد خان اپنے کیریئر میں اعلی عہدوں پر رہ چکے ہیں،وہ انتہاء اچھی شہرت کے حامل ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے جسٹس دوست محمد 1953 میں خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے بنوں سے گریجویشن اور پھر کراچی سے وکالت کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد بنوں میں ہی وکالت کی پریکٹس شروع کی اور بنوں بار اور پھر پشاور ہائی کورٹ بار کے صدر بنے۔

2002 میں وہ پشاور ہائی کورٹ کے ایڈیشنل جج بنے اور 2003 میں پشاور ہائی کورٹ کے مستقل جج کے طور پر حلف اٹھایا جبکہ 2011 میں انہیں پشاور ہائی کورٹ کا چیف جسٹس تعینات کیا گیا۔دوست محمد خان 2014 میں سپریم کورٹ کے جج بنے اور 19 مارچ 2018 کو مدت پوری کرکے ریٹائر ہوگئے۔پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی حیثیت سے انہوں نے ڈرون حملوں، سابق صدر جنرل (ر)پرویز مشرف کو تاحیات ناہل قرار دینے، خواتین کو ووٹ کے حق سے محروم رکھنے کے معاہدوں اور لاپتہ افراد کے بہت سارے کیسز پر فیصلے دیئے۔خیبر پختونخوا میں موبائل کورٹس اور پشاور ہائی کورٹ میں ہیومن رائٹس ڈائریکٹوریٹ کا قیام بھی جسٹس دوست محمد کے دور میں عمل میں آیا۔