کراچی، یوم علی رضی اللہ عنہ مذہبی عقیدت و احترام کیساتھ منایاگیا

سینکڑوں کی تعداد میں مجلس اعزا برپا کی گئیں مساجد و امام بارگاہوں پر سیکیورٹی کے سخت، داخلی و خارجی راستوں اور حساس علاقوں میں مشتبہ افراد اور گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی

بدھ 6 جون 2018 23:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جون2018ء) ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی یوم علی رضی اللہ عنہ مذہبی عقیدت و احترام کیساتھ منایاگیا۔اس موقع پر شہر بھر میں سینکڑوں کی تعداد میں مجلس اعزا برپا کی گئیں اور جلوس نکالے گئے یوم علی کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے نکالا۔گیا,جلوس پرانی نمائش، ایمپریس مارکیٹ، ریگل چوک، ایم اے جناح روڈ سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پر پرامن طور پر اختتام پذیر ہوگیا۔

جس میں ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔جلوس سے قبلپولیس نے سیکورٹی انتظامات کے سلسلے میں منگل کی شب نمائش چورنگی ،ایم اے جناح روڈ اور جلوس کی گزرگاہ کے اطراف میں قائم دکانوں کو سیل کردیا تھا جبکہ ایم اے جناح روڈ اور ریگل کے اطراف میں گلیوں کو کنٹینرز اور رکاوٹیں لگاکر تمام راستے سیل کر دئیے تھے ،رات گئے بم ڈسپوزل اسکواڈ کی جانب سے سرچنگ کے بعد دکانوں کو سیل کرنے کا عمل شروع ہوا جبکہ روٹس کے اطراف میں گلیوں میں بھی کنٹینرز اور دیگر رکاوٹیں لگا کر راستے بند کردئیے گئے تھے۔

(جاری ہے)

جبکہ یوم علی کے موقع پر کراچی میں ڈبل سواری پر پابندی تھی۔سی سی ٹی وی کیمروں سے مرکزی جلوس کی نگرانی کی بھی کی۔گئی۔مرکزی جلوس کے موقع پر 5 ہزار سے زائد پولیس اہلکار اور افسران تعینات تھے جبکہ رینجرز نے بھی جلوس کی گزرگاہ پر گشت کیا72 پولیس موبائلیں‘65 موٹر سائیکلوں کا دستہ اور سات بکتر بند گاڑیاں بھی جلوس کی حفاظت پر مامور تھیں۔

ساؤتھ زون میں6 امام بارگاہیں انتہائی حساس، جب کہ 40 حساس قرار دی گئیں تھیں جن میں 3کلفٹن، 2 سٹی ایریا اور ایک لیاری کی امام بارگاہوں شامل تھیں جن کی سیکیورٹی کے لئے خصوصی طور پر پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔ جلوس کے روٹس سے رکاوٹوں اور پتھاروں کو ہٹا دیا تھا۔جلوس کے روٹ کو6 سیکٹرز اور15 سب سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ، پلان کے تحت 40 ایمبولینسیز مجوزہ پوائنٹس پر تعینات تھیں۔ لاؤڈ اسپیکر کے غلط استعمال، وال چاکنگ اور نفرت انگیز مواد پر پابندی تھی۔یوم علی کے موقع پر مساجد و امام بارگاہوں پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کرنے کے علاوہ کراچی کے داخلی و خارجی راستوں اور حساس علاقوں میں مشتبہ افراد اور گاڑیوں کی چیکنگ بھی کی گئی۔