حوالدار شہید محمد الیاس کی نماز جنازہ سیکٹر ہیڈ کوارٹر بھٹائی رینجرز میں ادا کردی گئی

جمعرات 7 جون 2018 14:32

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2018ء) پاکستان رینجرز (سندھ) کے حوالدار شہید محمد الیاس کی نماز جنازہ سیکٹر ہیڈ کوارٹر بھٹائی رینجرز میں ادا کردی گئی۔ حوالدار محمد الیاس 6 جون 2018 کو کورنگی کے علاقے الیاس گوٹھ میں ٹارگٹ کلر شفیق کالا اور اس کے ساتھیوں سے فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہو گئے تھے۔

(جاری ہے)

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق نماز جنازہ میں کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا، سیکریٹری داخلہ سندھ قاضی شاہد پرویز، ڈی جی رینجرز (سندھ) میجر جنرل محمد سعید، آئی جی پولیس اے ڈی خواجہ، ایڈیشنل آئی جی پولیس کراچی مشتاق مہر، رینجرز اور پولیس کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر شہید کے بلنددرجات کے لیے دعا کی گئی اور شہیدحوالدار محمد الیاس کی میت تدفین کے لیے آبائی علاقے خوشاب روانہ کردی گئی ہے۔ بعدازاں ڈی جی رینجرز (سندھ) نے سی ایم ایچ ملیر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کورنگی آپریشن میں زخمی ہونے والے ریجنرز اہلکاروں کی عیادت کی۔ اس موقع پر ڈی جی رینجرز نے زخمی اہکاروں کے حوصلے کو سراہا۔