سپریم کورٹ کا فیصلہ،پرویزمشرف کی وطن واپسی کی تیاری شروع

پرویزمشرف سپریم کورٹ کےفیصلےکا احترام کریں گے،پرویزمشرف کیلئےکراچی، گوادر، چترال اور پنجاب کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے ہیں۔ سیکرٹری جنرل آل پاکستان مسلم لیگ ڈاکٹر امجد

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 7 جون 2018 15:29

سپریم کورٹ کا فیصلہ،پرویزمشرف کی وطن واپسی کی تیاری شروع
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔07 جون 2018ء) : سابق صدر مملکت جنرل (ر)پرویز مشرف نے وطن واپسی کا فیصلہ کرلیا ہے۔ آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر امجد کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کریں گے،پرویز مشرف کیلئے کراچی ، گوادر، چترال اور پنجاب کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق آج جمعرات کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے پرویز مشرف کی تاحیات نا اہلی کے خلاف دائر اپیل کی سماعت کی۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے استفسار کیا کہ یہ سید پرویز مشرف صاحب کون ہیں اور کیا کہتے ہیں۔ وکیل نے کہا کہ پرویز مشرف سابق صدر اور سابق آرمی چیف ہیں۔عدالت نے پرویز مشرف کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی اجازت دیتے ہوئے پرویز مشرف کو 13 جون کو لاہور طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے کہا کہ پرویز مشرف 13 جون کو عدالت میں پیش ہوجائیں انہیں گرفتار نہیں کیا جائے گا۔

سپریم کورٹ نے پرویز مشرف کو الیکشن 2018ء میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی بھی اجازت دیتے ہوئے قرار دیا کہ پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی کا فیصلہ موجودہ کیس کے حتمی فیصلے سے مشروط ہوگا۔پرویز مشرف کے خلاف ملک میں سنگین غداری کا مقدمہ بھی چل رہا ہے جس میں اسلام آباد کی خصوصی عدالت انہیں اشتہاری قرار دے چکی ہے۔ دوسری جانب سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں سابق صدر پرویز مشرف نے واطن واپسی کی تیاری شروع کردی ہے۔

آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر امجدنے میڈیا کو بتایا کہ پرویز مشرف سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے عید کے فوری بعد وطن واپسی کا فیصلہ کیا ہوا تھا۔تاہم اب سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں پرویز کی وطن واپسی کا لائحہ عمل مرتب کیا جائے ،پرویز مشرف کی وطم وطن واپسی کا حتمی فیصلہ مشاورت کے بعد ہی کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت نے سابق صدر پرویز مشرف کے انتخابات میں حصہ لینے کیلئے کراچی ، گوادر، چترال اور پنجاب سے کاغذات نامزدگی بھی حاصل کرلیے ہیں۔