تعلیم ہمارے بچوں کو ہنر مند، قابل اور صاحب علم شہری بننے میں مدد دے گی،چیئرپرسن این اسی ایچ ڈی

جمعہ 8 جون 2018 14:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2018ء) نیشنل کمیشن فارہیومن ڈویلپمنٹ(این اسی ایچ ڈی) کی چیئرپرسن اورسابق سینیٹررزینہ عالم نے کہاہے کہ تعلیم ہمارے بچوں کو ہنر مند، قابل اور صاحب علم شہری بننے میں مدد دے گی ، این سی ایچ ڈی کا بنیادی مقصد وژن 2025 اور ایس ڈی جی4-کے تعلیمی اہداف کے حصول میں حکومت کو تعاون فراہم کرناہے ۔

کمیشن کے سینئر عہدیداران ، ماہرین تعلیم اور غیر رسمی تعلیم کے ماہرین سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ تعلیم ملک کے ہر شہری کا بنیادی حق ہے ، تعلیمی اعدادو شمار کے مطابق سکولوںسے باہر لڑکیوں کی تعداد لڑکوں کی نسبت زیادہ ہے حالانکہ ملک کی آبادی میں عورتوں کی تعداد 51%ہے ۔اس وقت ملک میں 40فیصد بچے، جن کی عمر (5سے 16)سال ہے، سکول نہیں جا رہے ہیں ،خواندگی کی 90 فیصد شرح کے حصول کیلئے ہمیں بچیوں کی تعلیم پر توجہ دینی ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ حکومت ناخواندگی کو ختم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے ، ملک کے دیہی علاقوں میں تعلیم بالغاں پروگرام اور یونیورسل پرائمری پروگرام ، جس میں تمام چھوٹے بچوں کا سکولوں میں داخلے کو یقینی بناناہے ، کے ذریعے این سی ایچ ڈی معاونت فراہم کررہاہے ۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ دوسری طرف ہمارا خواندگی پروگرام جیلوں میں چل رہے ہیں تاکہ قیدی تعلیم یافتہ ہو کر بہتر زندگی گزار سکیں اس کے علاوہ مدارس میں دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ پرائمری تعلیم دی جارہی ہے تاکہ انکو قومی دھارے میں شامل کیا جاسکے۔

اس وقت اسلام آبادمیں غیر رسمی تعلیم پر ایک قومی تربیتی ادارہ قائم کیا جا چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ این سی ایچ ڈی نے غیر رسمی تعلیم پر ایک فورم قائم کیا جس کا مقصد تمام شراکت داروں کو ایک جگہ اکٹھا کر کے خواندگی اور غیر رسمی تعلیم کے لیے ایک لائحہ عمل تیار کرنا ہے جس میں مل کر کام کیا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ خواندگی کے ساتھ ساتھ ہنر بھی سکھانا ضروری ہے ، تمام شراکت داروںکی کوششوں سے ہی ہم تعلیمی نظام کو بہتر بنا سکتے ہیں اور ہمار اخواب پڑھے لکھے معاشرے کا خواب شرمندہ تعبیر ہو پائے گا۔

متعلقہ عنوان :