نگران وفاقی وزیر برائے ریلویز نے بورڈ میں تمام صوبوں کو یکساں نمائندگی ، عیدالفطرکے موقع پر بزرگ شہریوں کو کرایوں میں رعایت دینے کی ہدایت کردی

جمعہ 8 جون 2018 18:01

لاہور۔8جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2018ء) نگران وفاقی وزیر برائے ریلویز روشن خورشید بروچہ نے ریلوے بورڈ میں تمام صوبوں کو یکساں نمائندگی دینے اور عیدالفطرکے موقع پر بزرگ شہریوں کو کرایوں میں رعایت دینے کی ہدایت کر دی، وفاقی وزیر کو ریلوے کے تنظیمی ڈھانچے، آپریشنز، جاری ترقیاتی منصوبوں اور کارکردگی کے حوالے سے مفصل بریفنگ دی گئی، وزیر ریلویز کو ایم ایل ون ،ایم ایل ٹو اور ایم ایل تھری سمیت ریلویز کے 7791 کلومیٹر طویل ٹریک پر جاری ریلوے آپریشنز بارے آگاہ کیا گیا، ڈی جی پلاننگ مظہر علی شاہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان ریلویز کو 2012-13میں بد ترین صورت حال کا سامنا کرنا پڑا مگر گزشتہ چار برسوں میں ریلوے حالات تبدیل ہوئے، سیاسی مداخلت کا خاتمہ کرتے ہوئے ترقیاتی حکمت عملی تشکیل دی گئی اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو بھی متعارف کروایا گیا، وفاقی وزیر ریلویز نے مسافروں کو دی جانے والی سہولیات ،وقت کی پابندی،ای ٹکٹنگ ،صفائی اور ٹرینوں میں بجلی کی فراہمی کے مسائل پر قابو پانے کو سراہا، انہیں بتایا گیا کہ سی پیک پاکستان ریلوے کی ترجیحات میں شامل ہے ، چیئرمین پاکستان ریلویز محمد جاوید انور نے کہا کہ بہترین ٹیم ورک کی وجہ سے پچھلے تین برسوں میں پاکستان ریلویز نے آمدن میں اضافے کے نئے ریکارڈ قائم کئے، گزشتہ مالی برسوں میں ٹارگٹ سے بڑھ کر ریونیو حاصل کیا گیا جسے وفاقی وزیر نے سراہا ، اُنہوں نے پاکستان ریلویز کے عید آپریشنز میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے تاکید کی کہ بزرگ شہریوں کوخصوصی رعایت دی جائے، اجلاس میں سیکرٹری ریلوے بورڈ فرخ تیمور غلزئی ، ڈی جی پلاننگ مظہر علی شاہ ، ڈی جی ٹیکنیکل منور علی شاہ ، ڈی جی آپریشنز مریم گیلانی اورممبر فنانس فیصل اسما عیلی نے شرکت کی۔