جعلی مردم شماری اور بے بنیاد حلقہ بندیوں کے مسئلے کو حل کیا جانا چاہئے تھا، انتخابات کے نام پر پوری قوم کنفیوژن کا شکار ہے، ڈاکٹر سلیم حیدر

جمعہ 8 جون 2018 21:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جون2018ء) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ انتخابات کے نام پر پوری قوم کو کنفوژن میں مبتلا کردیا گیا ہے۔ سب سے پہلے مردم شماری اور حلقہ بندیوں کے مسئلے کو حل کیا جانا چاہئے تھا لیکن موجودہ حکومت اور اس کے بطن سے آنے والی نگراں حکومت عوام کے دیرینہ مطالبات اور مسائل حل کرنے کے بجائے اپنے من مانے فیصلے کرکے پوری قوم کو مشکلات میں مبتلا کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ انتخابات جمہوریت کا حصہ ہوتی ہیں لیکن جمہوریت کے نام پر جن سیاستدانوں نے اربوں روپے کی جائیدادیں بنائیں، لوٹ مار کیں جو قتل وغارت گری ، چائنا کٹنگ اور کرپشن میں ملوث رہے ان کیخلاف کارروائی کرنے کے بجائے انتخابات کے نام پر انہیں کلین چٹ دینے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مہاجر اس بار مہاجر صوبے کے نام پر ووٹ دیں گے اور یہ انتخابات مہاجر صوبے کے حوالے سے ریفرنڈم ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے ایسے موقعے پر انتخابات کرائے جارہے ہیں جن کیلئے نہ تو پوری قوم یکسو ہے اور نہ ہی سیاسی جماعتیں، اسی صورت میں اگر انتخابات ہوئے تو پھر یہ انتخابات بھی بے معنی اور بے مقصد ثابت ہوں گے۔ جس طرح 2013ء کے انتخابات آج تک پاکستان کیلئے درد سر بنے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ MIT کراچی ، حیدرآباد کی قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر اپنے امیدوار کھڑے کرے گی تاکہ مہاجروں کو ایک معتبر قیادت دی جاسکے۔