Live Updates

تحریک انصاف نے اپنے نظریاتی کارکنوں کونظرانداز کرکے سرمایہ داروں کوٹکٹس دیئے ہیں،امیرمقام

بروقت الیکشن کے خواہاں ہیں،مسلم لیگ پہلے سے زیادہ مضبوط قوت بن چکی ، تیاریاں مکمل ،ملک بھر میں پہلے سے زیادہ سیٹیں حاصل کرینگے،میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 9 جون 2018 18:28

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر انجینئرامیر مقام نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے اپنے نظریاتی کارکنوں کونظرانداز کرکے سرمایہ داروں کوٹکٹس دیئے ہیں،ہم بروقت الیکشن کے خواہاں ہیں،پی ٹی آئی نہیں چاہتی کہ بروقت انتخابات ہوں،وزیرعلی پرویزخٹک نے توالیکشن ملتوی کرنے کیلئے خط بھی لکھا تھا۔

پشاورمیں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر مقام کاکہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ پہلے سے زیادہ اکثریت میں آئے گی ، جمہوریت کو اگر حقیقت میں مضبوط کیا جاتا توآج ملک کی یہ صورت حال نہ ہوتی، پنجاب میں چند لوگ پی ٹی آئی میں گئے مگران سے زیادہ لوگ مسلم لیگ میں شامل ہورہے ہیں۔عمران خان کا چہرہ تو سینٹ الیکشن میں بھی سامنے اگیا تھا جن لوگوں نے پی ٹی آئی بنائی اور جو لوگ ہمارے ساتھ لڑتے تھے انہیں ٹکٹ سے محروم کردیا۔

(جاری ہے)

ہماری کوشش ہے کہ الیکشن بروقت ہومگر پی ٹی آئی نہیں چاہتی اورالیکشن کو ملتوی کرنے کے لیے سابق وزیراعلی پرویزخٹک نے الیکشن کمیشن کو خط بھی لکھ دیا تھا،امیر مقام کاکہنا تھا کہ مسلم لیگ ن پہلے سے زیادہ مضبوط قوت بن چکی ہے،انتخابات کے لئے مکمل تیار کرلی ہیں اورملک بھر میں پہلے سے زیادہ سیٹیں حاصل کریںگے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات