اسرائیلی فوج مظلوم اور نہتے فلسطینیوں پر مظالم کے پہاڑ ڈھارہی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،مولانا عبدالحق ہاشمی

ہفتہ 9 جون 2018 18:46

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2018ء) ملی یکجہتی کونسل بلوچستان کے صدر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ اسرائیلی فوج مظلوم اور نہتے فلسطینیوں پر مظالم کے پہاڑ ڈھارہی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔عالم اسلام میں اس حوالے شدید غم وغصہ پایاجاتاہے۔امت مسلمہ کو اتحادویکجہتی کامظاہرہ کرتے ہوئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنناہوگا۔

اسرائیل امریکی سرپرستی میں فلسطینی معصوم بچوں،خواتین اورنوجوانوں کو شہید کررہا ہے۔انہوں نے کہاکہ کفار مسلمانوں کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت مسلمانوں کو ظلم وستم کانشانہ بنایاجارہاہے ۔مظلوم فلسطینیوں پرجوظلم وبربریت کی جارہی ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔المیہ یہ ہے کہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے علمبردار ممالک اور این جی اوز خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔

(جاری ہے)

فلسطین،برما،کشمیر،عراق،شام ہر جگہ مسلمانوں کو شہید کیا جارہا ہے۔دنیا کو اپنا دہرامعیار بدلنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان مسئلہ فلسطین کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے مثبت اور بروقت اقدام کرے۔عالم اسلام میں بحیثیت ایٹمی قوت پاکستان کوقدر کی نگاہ سے دیکھاجاتاہے اس لیے یہ ذمہ داری ہم پر عائد ہوتی ہے کہ ہم دیگر مسلم ممالک کے ساتھ مل کر عالم اسلام کو متحدکریں۔

مقبوضہ فلسطین میں جاری اسرائیلی بربریت،ظلم وتشدد،قتل وغارت اور اس پر عالمی ضمیر کی خاموشی تشویش ناک امرہے۔امریکہ کی جانب سے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنا سفارتخانہ تل ابیب سے بیت المقدس منتقل کرنا بہت بڑی سازش ہے۔بحیثیت مسلمہ ہمیں اپنا کردار اداکرنا ہوگا۔ترکی نے اس مسئلے پر سب سے پہلے آوازبلند کی۔طیب اردگان کی کاوشوں کاخیرمقدم کرتے ہیں۔

فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ملی یکجہتی کونسل پاکستان جو پاکستان کی مذہبی جماعتوں اور اداروں کاباوقار پلیٹ فارم اور اتحاد ہے،ایک عرصے سے ملت اسلامیہ کے اتحاد ووحدت کے لیے مصروف عمل ہے۔ملی یکجہتی کونسل نے ہمیشہ عالم اسلام میں مسلمانوں کے ساتھ ان کے مسائل پر اظہار یکجہتی کیاہے۔آج فلسطینی مسلمان اور القدس عالم اسلام کی طرف امید بھری نظروں سے دیکھ رہے ہیں۔

ملی یکجہتی کونسل اپنا دینی فریضہ انجام دے رہی ہے۔حکومت پاکستان سفارتی تعلقات کو استعمال کرتے ہوئے اس اہم معاملے کو عالمی سطح پر اٹھائے۔دشمنوں کی سازش ہے کہ امت مسلمہ کو بدحال کرکے اسلام پسندوں کاراستہ روکا جائے۔انشاء اللہ وہ کبھی اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ ملی یکجہتی کونسل نے اتحاد امت کاپیغام عام کیا ہے۔ہم نے سب سے پہلے اور بروقت امت مسلمہ کودرپیش مسائل کی نشاندہی کی اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔

مسئلہ فلسطین کاہویادنیا کے کسی بھی ملک میں مسلمانوں کے قتل عام کاہمیشہ توانا آواز بلند کی ہے۔ اتحاد امت کی جتنی ضرورت آج ہمیں ہے اتنی پہلے کبھی نہ تھی۔امریکی آشیر باد سے اسرائیل فلسطین اور بھارت کشمیر میں مظالم کررہے ہیں۔دنیاکو اپنی آنکھوں سے تعصب کی پٹی اتارنا ہوگی۔دوہرے معیارات بدلنے ہوں گے ورنہ دنیا تیسری عالمی جنگ کی طرف بڑھ جائے گی ۔۔