ممبر آزاد کشمیر اسمبلی پیر علی رضا بخاری نے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے جہدوجہد کا آغاز کردیا

ہفتہ 9 جون 2018 20:35

حویلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جون2018ء) آزادکشمیر میں تیرہویں آئینی ترمیم منظور ہونے کے بعد چار نئے انتخابی حلقہ جات کی حد بندیوں کے حوالے سے ضلع حویلی میں نئے انتخابی حلقہ کے اضافہ کے لئے ممبر آزاد جموں و کشمیر اسمبلی و سجادہ نشیں درگا بساہاں شریف پیر سید علی رضا بخاری نے علاقہ کے غریب ،پسے ہوئے اور بنیادی سہولیات سے محروم عوام کی خاطر جہدوجہد کا آغاز کردیا ہے اور اس سلسلہ وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کو بھی با ضابطہ تحریرا بھی گذارش کردی ہے کہ ترقیاتی عمل میں حویلی کے کچلے ہوئے غریب لوگوں کوآزاد کشمیر کے دیگر علاقوں کے برابر لانے کے لئے انھیں اضافی حلقہ دیا جائے۔

ممبر اسمبلی جو اپنے پسماندہ علاقے کی غریب عوام کے کئے ترقی کا انتہائی درد اور کرب رکھتے ہیں نے آزاد کشمیر اسمبلی سے تحفظ ختم نبوت کا تاریخی بل منظور کروانے اور آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ کے لئے غیر ملکیوں کو این او سی سے مستشنی قرار دینے کی قرارداد اسمبلی سے منظور کرانے کے بعد اب ضلع حویلی کے لئے نئی انتخابی نشست دلانے کے لئے میدان میں اتر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

پیر علی رضا نے آزاد کشمیر کے وزیراعظم ،عوام ،سول سوسائیٹی ،میڈیا اور معاشرے کے دیگرطبقات سے اپیل کی ہے کہ وہ حویلی کے غریب عوام کو ان کا جائز حق دلانے میں ان کی حمایت کریں۔ ضلع حویلی اس وقت آزاد کشمیر کے تمام اضلاع اور علاقوں میں ترقی کے اعتبار سے سب سے پیچھے ہے اور کنٹرول لائن سے ملحق ہونے سے یہاں پر بھارتی فائرنگ کے سب سے برے اثرات یہاں کے عوام اور علاقے کی ترقی پر پڑ رہے ہیں۔

روزگار کے مواقع نہ ہونے کے برابر ہیں اور یہاں کے لوگوں کو راولپنڈی اسلام آباد تک رسائی میں آٹھ آٹھ گھنٹے کی مسافت درکار ہوتی ہے۔ غربت نے علاقے کے قدرتی حسن کو ماند کر دیا ہے اور ساتھ ہی یاس اور اضطراب سے انسانیت دکھ کے اندھیروں میں بٹھک رہی ہے ایسے میں نئے انتخابی حلقے کی تخلیق سے جہاں اسمبلی علاقے کی آواز مزیدتوانا ہوگی وہاں ترقیاتی فنڈز میں بھی اضافہ ہو گا۔ پیر علی رضا بخاری اس وقت وزیراعظم آزاد کشمیر ،سنیر پارٹی قیادت اور دیگر سٹیک ہولڈرز سے رابطہ میں ہیں اور حویلی کے لئے نئی نشست کا حصول ان کی خدمت خلق کا نیا نصب العین قرار پا چکا ہے۔