جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین نے پاکستان تحریک انصاف کو ٹکٹ واپس کر دیا

میں اس بار اپنے آپ کو تحریک انصاف کے ٹکٹ کا حقدار نہیں سمجھتا اس لئیے میں یہ ٹکٹ واپس کر رہا ہوں،علی ترین

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس ہفتہ 9 جون 2018 22:31

جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین نے پاکستان تحریک انصاف کو ٹکٹ واپس کر ..
لندن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار- 09 جون 2018ء) :جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین نے پاکستان تحریک انصاف کو ٹکٹ واپس کر دیا۔علی ترین نے اپنے ویڈیو پیغام میں ٹکٹ سے دستبرداری کا اعلان کیا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ملک کے طول و عرض سے پاکستان تحریک انصاف کے انتخابی امیدواروں اور ٹکٹ ہولڈرز کے ناموں کا اعلان کیا گیا تھا۔اس مرحلے پر بڑے بڑے سیاسی لیڈروں کے سیاسی جانشینوں اور بیٹوں کو بھی نوازا گیا جن میں سب سے اہم نام تحریک انصاف کے نااہل رہنما جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین کا تھا ۔

جنہوں نے اپنے والد کی نااہلی کے بعد انہی کی نشست پر انتخاب لڑا تھا تاہم وہ کامیاب نہیں ہو سکے تھے ۔گزشتہ روز ایک مرتبہ پھر نااہل جہانگیر ترین اپنے بیٹے علی ترین کے لیے لودھراں کا ٹکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے تھے تا ہم تازہ ترین خبر یہ ہے کہ جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین نے پاکستان تحریک انصاف کو ٹکٹ واپس کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

علی ترین نے لندن سے جاری اپنے ویڈیو پیغام میں ٹکٹ سے دستبرداری کا اعلان کیا۔

انکا کہنا تھا کہ آج کل ہر جگہ پاکستان تحریک انصاف کی ٹکٹوں کا چرچا ہے کہ کس کو ملے گا اور کس کو نہیں میرا یہ ماننا ہے کہ ٹکٹ اسے ہی ملنا چاہیے جو بہترین امیدوار ہو۔انکا کہنا تھا کہ بہترین امیدوار وہ ہے جو ہر وقت پارٹی کو وقت دے سکے ،پارٹی کے لیے کام کرے اور ورکرز کو ساتھ لے کر چلے۔انکا کہنا تھا کہ گزشتہ ضمنی الیکشن میں بھی ہم گھر گھر گئے اور حکومت کے خلاف 90 ہزار ووٹ اکٹھے کئیے جب کہ اس مرتبہ میرے پاس انتخابی مہم چلانے کا وقت کم ہے اور میری ڈگری بھی اختتامی مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔

میری ڈگری ستمبر میں ختم ہو گی جبکہ انتخابات جولائی میں ہیں ۔ایسے حالات میں میں 100فیصد وقت انتخابات کو نہیں دے سکتا اس لئیے میں سمجھتا ہوں کہ میں ٹکٹ کا حقدار نہیں ہوں اور یہ ٹکٹ واپس کر تا ہوں۔
انکا مزید کہنا تھا کہ میری اپنے ووٹرز سے گزارش ہے کہ خان صاحب جس کو بھی ٹکٹ دے کر کھڑا کریں چاہے وہ کوئی نظریاتی ورکر ہو یا سینئیر سیاستدان اسے سپورٹ کریں ۔میں اور میرے والد بھی اس کو ایسے ہی سپورٹ کریں گے جیسے ہم اپنا الیکشن لڑتے ہیں۔