قرآن ، رمضان اور انسان کا آپس میں بڑا گہرا تعلق ہے ، ڈاکٹر عبدالغفور راشد

قرآن کریم دنیا و آخرت کیلئے ہماری رہنمائی کرتا ہے،کلام الٰہی صرف مسلمانوںہی نہیں ، تمام انسانوں کیلئے کتاب ہدایت ہے

پیر 11 جون 2018 20:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جون2018ء) پاکستان یونائیٹڈ کونسل کے چیئرمین اور ناظم ذیلی تنظیمات مرکزی جمعیت اہل حدیث ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا ہے کہ قرآن ، رمضان اور انسان کا آپس میں بڑا گہرا تعلق ہے اس لئے کہ اسی رمضان کے مہینے میں انسان کی فلاح اور رہنمائی کیلئے قرآن مجید کو نازل کیا گیا۔ضرورت اس امر کی ہے کہ قرآن کو ہم اپنی زندگی کا حصہ بنائیں، اس سے محبت کرتے ہوئے رہنمائی حاصل کریں ۔

افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے واضح کیا کہ قرآن مجید صرف مومنوں اور مسلمانوں کے لئے ہی نہیں ، تمام انسانوں کیلئے سر چشمہ ہدایت ہے۔ جس طرح اللہ تعالیٰ صرف مسلمانوں کا ہی رب نہیں بلکہ وہ تمام جہانوں اور کائنات کے تمام انسانوں کا خالق و معبودہے ، اسی طرح پیغمبر آخرالزماں بھی صرف مسلمانوں کے نبی نہیں بلکہ تمام جہانوں اور کائنات کے سارے انسانوں کیلئے نبی رحمت ہیں ۔

(جاری ہے)

بالکل اسی طرح قرآن مجید بھی صرف مسلمانوں کیلئے کتاب رشدو ہدایت نہیں بلکہ تمام جہانوں اور کائنات کے تمام انسانوں کیلئے سرچشمہ ہدایت و نصیحت ہے۔ان کا کہنا تھاکہ بد قسمتی سے ہم محبت و عداوت کے وہ اصول فراموش کر بیٹھے ہیںجو ہمیں قرآن وسنت نے سکھلائے تھے ۔ قرآن کریم دنیا و آخرت دونوں جہانوں کیلئے ہماری راہ نمائی کرتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ قرآن کریم کی تلاوت نہ کرنا اور اس کے مطالب سے مستفید نہ ہونا رحمتوں اور برکتوں سے محروم کر دیتا ہے۔

ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا کہ قرآن کریم وہ عظیم کتاب ہے جسے رب العلمین نے جبریل روح الامین کے ذریعے پیغمبر آخرالزمان ، رحمة للعلمین صلی اللہ علیہ وسلم پر ماہ رمضان المبارک میں نازل کیا جس میں آغاز سے لیکر انتہا تک اللہ کی رحمت اور بخشش کا نزول ہوتا ہے۔