جنوبی سندھ صوبہ مہاجروں کے مسائل کا حل ہے، آفاق احمد

جب تک اپنا صوبہ حاصل نہیں کیا جائے گا تب تک ہمارے وسائل سے دوسرے فائدہ اٹھاتے رہیں گے،چیئر مین مہاجر قومی مومنٹ

پیر 11 جون 2018 22:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جون2018ء) مہاجر قومی موومنٹ(پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا کہ جنوبی سندھ صوبہ مہاجروں کے مسائل کا حل ہے،جب تک اپنا صوبہ حاصل نہیں کیا جائے گا تب تک ہمارے وسائل سے دوسرے فائدہ اٹھاتے رہیں گے ،اگر اپنی آنے والی نسلوں کا بقاء عزیز ہے تو پھر مہاجر عوام کو جنوبی سندھ صوبہ تحریک کامیاب بنانے کیلئے خود کو وقف کرنا ہوگا ۔

اپنی رہائش گاہ پر حسین آباد سے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے آفاق احمد نے کہاکہ سندھ کی موجودہ اسمبلی شہری علاقوں کو کھنڈر بنا چکی ہے ، عوام بنیادی سہولیات جبکہ نوجوان ملازمتوں سے محروم کردیئے گئے ہیں ان تمام مسئلوں سے نجات کیلئے مہاجروں کو فیصلہ کن کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ گذشتہ 35 برسوں میںیہ بات تو واضح ہوچکی ہے کہ جنہیں یہاں کی عوام نے ووٹ دیئے وہ سندھ اسمبلی میں جاکر حکمراں جماعت کی زبان بولتے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

آفاق احمد نے کہا کہ جنوبی سندھ صوبہ تحریک کی مہاجر عوام کی جانب سے حمایت کو میں تائید ِ ایزدی سمجھتا ہوں اور یہ کہنے میں حق بجانب ہوں کہ جس تحریک میں قوم کے بیٹے بیٹیاں اور بزرگ شامل ہو اس تحریک کو کامیابی سے کوئی نہیں روک سکتا ، جنوبی سندھ صوبہ کی تحریک طویل ضروری ہوسکتی ہے لیکن اسکی کامیابی پر کسی کو شک و شبہ نہیں ہونا چاہئے کیونکہ جو قوم ساٹھ کروڑ ہندوئوں سے علیحدہ وطن حاصل کرسکتی ہے وہ اپنا صوبہ بھی بنا سکتی ہے۔

آفاق احمد نے کہا کہ انتخابات میں صرف جنوبی سندھ صوبہ کو مدنظر رکھتے ہوئے حصہ لے رہے ہیں ، مجھے اپنی قوم کی فہم و فراست پر یقین اور اللہ پر بھروسہ ہے اور اسی بھروسہ کی بدولت انتخابات میںکامیابی کیلئے پرامید ہوں ۔ آفاق احمد نے مزید کہا کہ قوم کو اس بار جنوبی سندھ صوبہ کی بنیاد پر ووٹ کاسٹ کرنا ہوگا ، قوم فیصلہ کرلے کہ اس بار صرف اور صرف موم بتی کو ہی اپنا انتخاب بنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :