آئندہ عام انتخابات میں پی پی کو پورے سندھ میں عبرتناک شکست کا سامنا ہوگا،فردوس شمیم نقوی

منگل 12 جون 2018 17:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں پی پی کو پورے سندھ میں عبرتناک شکست کا سامنا ہوگا۔ پاکستان تحریک انصاف مخالفین کی نیندیں حرام کردے گی۔ پی ٹی آئی کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی نے یہ باتیں پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی میں پارٹی کارکنان و عہدیداران سے بات چیت کے دوران کہیں۔

اس موقعے پر سیکریٹری اطلاعات شہزاد قریشی، ویمن ونگ کی صدر صائمہ ندیم اور دیگربھی موجود تھے۔ فردوس شمیم نقوی نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ میں دس سال تک حکومت میں رہنے کے باوجود بھی کچھ نہ کرسکی۔ پی پی عوام کے دل جیتنے کی بجائے ان کی حقیقی زندگی میں زہر گھولتی رہی۔

(جاری ہے)

آج بھی پیپلز پارٹی کی وجہ سے ہونے والے نقصانات پورا سندھ بالخصوص کراچی بھگت رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کی حقیقی قیادت آصف علی زرداری کے ہاتھ میں ہے اور بلاول کٹھ پتلی بنے ہوئے ہیں۔ حقیقی چیئرمین کا پارٹی کے فیصلہ کن معاملات سے کوئی تعلق نہیں اور شریک چیئرمین اصل چیئرمین سے اوپر ہیں۔ بلاول زرداری چاہ کر بھی اپنے ابا جان کا کچھ نہیں کرسکتے جو پاکستان میں سب سے دولتمند ہونے کے باوجود دولت کے حرص میں مبتلا ہیں۔

مزید کی ہوس انہیں ہمیشہ بے چین کیے رکھتی ہے اور وہ لوگوں کا پیٹ کاٹ کر اپنی تجوریاں بھرنے میں مصروف رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پر جب تک زرداری کا سایہ برقرار رہے گا، وہ عوام کے لیے ذرّہ بھر بھی مفید ثابت نہیں ہوگی۔ پیپلز پارٹی اگر ملکی سیاست میں کوئی قابل ذکر کردار ادا کرنا چاہتی ہے تو اسے چاہئے کہ زرداری سے نجات حاصل کرے بصورتِ دیگر موروثی سیاست پیپلز پارٹی کے لیے زہر قاتل ثابت ہوگی۔