کیا شہباز شریف کراچی میں فیصل واڈا کے خلاف الیکشن جیت سکیں گے؟

زمینی حقائق کے بعد جانئے کس کے حق میں فیصلہ آگیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 15 جون 2018 12:56

کیا شہباز شریف کراچی میں فیصل واڈا کے خلاف الیکشن جیت سکیں گے؟
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 جون 2018ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے معروف صحافی عارف نظامی نے کہا کہ کراچی میں مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف پی ٹی آئی رہنما فیصل واڈا کے خلاف الیکشن لڑیں گے لیکن سوال یہ ہے کہ کیا شہبازشریف فیصل واڈا کے خلاف الیکشن جیت سکیں گے؟ عارف نظامی کا کہنا تھا کہ فیصل واڈا کی جیب بے شک گرم ہو گی لیکن فیصل واڈا چھوٹی اے ٹی ایم ہیں جبکہ ان کے مقابلے پر کھڑے اُمیدوار شہباز شریف مشہور بھی ہیں اور ان کو سب جانتے بھی ہیں۔

فیصل واڈا نے ایک مرتبہ خود پر قاتلانہ حملے کا ڈرامہ بھی رچایا تھا، مجھے نہیں لگتا کہ شہباز شریف کے مقابلے میں فیصل واڈا الیکشن جیت سکیں گے ، میرے خیال میں اس مقابلے میں جیت شہباز شریف کی ہی ہو گی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ صدر مسلم لیگ ن اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کراچی کے 3 حلقوں سمیت 4 حلقوں سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن چند گھنٹوں بعد ہی مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کراچی سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ ملتوی کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شہباز شریف کے کراچی سے الیکشن لڑنے کے لیے سینیٹر سلیم ضیا نے ان کے لیے کاغذات نامزدگی بھی این اے 248، 249 اور 250 کے لیے حاصل کیے تھے۔ لیکن اس کے بعد شہباز شریف نے کراچی سے انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ ملتوی کر دیا تھا جس کی تصدیق سینیٹر سلیم ضیا نے بھی کی تھی۔ دوسری جانب پی ٹی آئی نے کراچی کے حلقہ این اے 249 سے فیصل واڈا کو عام انتخابات کے لیے ٹکٹ دے رکھا ہے ، فیصل واڈا اور شہباز شریف کے مد مقابل آنے پر ایک نئی بحث کا آغاز ہوا لیکن سیاسی مبصرین نے فیصل واڈا کے مقابلے میں شہباز شریف کا پلڑا بھاری قرار دیا ۔