Live Updates

تحریک انصاف کے سینئر رہنما علی زیدی نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کردیا

کراچی: پاکستان تحریک انصاف غریب اور متوسط طبقے کے حقوق کے لیے آواز اٹھا رہی ہے، علی زیدی

جمعہ 22 جون 2018 23:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے حلقہ NA244 سے نامزد امیدوار وپاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سینئر نائب صدر علی زیدی نے جمعہ کو زبیدہ ہسپتال، دھوراجی کالونی میں واقع مذکورہ حلقے کے مرکزی الیکشن آفس کا افتتاح کیا۔ اس موقعے پر PS103 کے امیدوار بلال غفار، PS104 کے امیدوار منصور شیخ اورپی ٹی آئی کے دیگر رہنما بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

اس موقعے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما علی زیدی نے کہا کہ ہم نے آج اپنے مرکزی الیکشن آفس کا افتتاح کرکے پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف غریب اور متوسط طبقے کے حقوق کے لیے آواز اٹھا رہی ہے۔ پیپلز پارٹی نے پورے سندھ بالخصوص کراچی کا جو حال کیا ہے، وہ آج ہمارے سامنے ہے۔

(جاری ہے)

ہماری انتخابی مہم شاید اتنے کم وقت میں آپ سب تک نہ پہنچ سکے لیکن چیئرمین عمران خان کی آواز آج پورا پاکستان سن رہا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ عنقریب ہونے والے انتخابات میں پورا پاکستان پی ٹی آئی اور چیئرمین عمران خان کا ساتھ دے۔ ہم ایک ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں لوگوں کو دوہرے معیارات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور سب عدل انصاف اور امن وامان کے ساتھ اپنی زندگی بسر کرسکیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات