ژوب ڈویژن میں امن و امان کی صورتحال کافی بہتر ہے، جنرل الیکشن 2018 کے موقع پر امن و امان کے حوالے سے تمام تر انتظامات کئے جائیں گے، امیدواروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا، کمشنر ژوب ڈویژن بشیر خان بازئی

پیر 25 جون 2018 22:11

کوئٹہ.25جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2018ء) کمشنر ژوب ڈویژن بشیر خان بازئی نے کہا کہ ژوب ڈویژن میں امن و امان کی صورتحال کافی بہتر ہے جنرل الیکشن 2018 کے موقع پر امن و امان کے حوالے سے تمام تر انتظامات کئے جائیں گے اور امیدواروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا ۔ الیکشن کے دوران بوقت ضرورت امید واروں کو پولیس اور لیویز نفری بھی دی جائے گی تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جاسکے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے نے الیکیشن 2018 کے حوالے سے امن وامان اور دیگرانتظامات کے بارے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر قلعہ سیف اللہ ظفر بلوچ ، ڈپٹی کمشنر لورالائی عمران ابراہیم بنگلزئی، ڈپٹی کمشنر شیرانی عبدالخالق مندوخیل ، ڈپٹی کمشنر ژوب شبیر مینگل ، ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل میرزاد محمد خان اور ڈویژن کے تمام اضلاع کے پولیس آفیسران ، اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر متعلقہ آفیسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں الیکشن 2018 کے دوران سیکیورٹی معاملات ، ضروری سامان کی رسائی اور عملہ کو بروقت پہنچانے کے حوالے سے غور کیا گیا۔ کمشنر نے شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے دوران امیدواروں کی حفاظت اور پولنگ اسٹیشنر کی سیکیورٹی کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے ۔ پر امن اور شفاف الیکشن کے انعقاد کویقینی بنایا جائیگا ۔ کمشنرنے تمام ڈپٹی کمشنر کو جاری ترقیاتی کاموں اور خصوصا ً قومی شاہراہوں پر جاری کام کی سخت نگرانی کرنے کی ہدایات کیںجبکہ اجلاس میںانسداد پولیو کی جاری مہم کے حوالے سے بھی بحث کی گئی۔