Live Updates

عمران خان کے حلقہ انتخاب این اے 243 میں انتخابی مہم جاری

فردوس شمیم نقوی اور ارسلان تاج کی مختلف کمیونٹیز سے بات چیت، گھر گھر رابطے اور کارنر میٹنگز

منگل 26 جون 2018 18:44

عمران خان کے حلقہ انتخاب این اے 243 میں انتخابی مہم جاری
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے حلقہ انتخاب این اے 243 میں شاندار انتخابی مہم کا آغاز کردیا گیا۔ پی ٹی آئی کراچی کے صدر وحلقہ پی ایس 101 سے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار فردوس شمیم نقوی اور حلقہ پی ایس 102 سے پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار ارسلان تاج نے کراچی کے حلقہ این اے 243 میں مختلف کمیونٹیز سے بات چیت ، گھر گھر رابطے اور کارنر میٹنگز کیں۔

حلقے کے مختلف مقامات پر عوام الناس سے بات چیت کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنمائوں کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی سیاست سے تنگ آچکے ہیں۔ چیئرمین عمران خان کراچی کے لوگوں کی واحد امید ہیں۔ ملک چور، ڈاکو اور رہزنوں کے حوالے کرکے دیکھ لیا، اب ایک موقع عمران خان کو دینا چاہئے ۔

(جاری ہے)

حلقہ این اے 243 کے لوگ چیئرمین عمران خان کے ساتھ اور ن لیگ اور پی پی کے خلاف ہیں۔

پیپلز پارٹی نے دس سال حکومت کی جگہ لوٹ مار کو ترجیح دی ۔ عوام الناس کو جھوٹے وعدے، تسلیاں اور سبز باغ دکھائے۔ پاکستان تحریک انصاف لوگوں کی محرومیوں کو ختم کرے گی۔ چیئرمین عمران خان نے کراچی پیکیج کا اعلان کرکے اہل کراچی کے دل جیت لیے۔ آج کراچی، سندھ اور پاکستان سب عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ زرداری لیگ اور ن لیگ کا دور ختم ہوچکا ہے۔ عوام انتخابات میں صرف بلے پر مہر لگا کر اپنی تقدیریں سنواریں گے اور عمران خان کو ملک کا وزیر اعظم بنائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات