نیب کی سابق وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار ،حسن نواز اور حسین نواز کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کر نے کی تیا ریا ں

تینوںکو گر فتار کر کے پاکستان لایا جا ئے گا ،آئندہ چند روز میں تینوں ملزمان کے ریڈوارنٹ کے اجراء کیلئے وزارت داخلہ کو خط لکھے گا، نیب ذ را ئع

بدھ 27 جون 2018 19:03

نیب کی سابق وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار ،حسن نواز اور حسین نواز کو انٹرپول ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 جون2018ء) چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے سابق وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار ،حسن نواز اور حسین نواز کو انٹرپول کے ذریعے بیرون ملک سے گرفتار کر کے پاکستان لانے کی منظوری دے دی ، نیب آئندہ چند روز میں تینوں ملزمان کے ریڈوارنٹ کے اجراء کیلئے وزارت داخلہ کو خط لکھے گا ، دوسری طرف نیب نے سابق وزیراعظم خزانہ مفتاح اسماعیل کو 5جولائی کو طلب کر لیا جبکہ لیگی سینیٹر رانا محمود الحسن کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کی شکایت کی جانچ پڑتال کی منظوری دے دی گئی ۔

نیب ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں سینیٹر اسحاق ڈار کو بیرون ملک سے انٹرپول کی مدد سے گرفتار کرنے کی منظوری دی ہے جبکہ سابق وزیراعظم نوازشریف کے صاحبزادوں حسن اور حسین کو بھی نیب ریفرنسز میں بیرون ملک سے گرفتار کرنے کی منظوری دی گئی ہے ، اس وقت مذکورہ تینوں ملزمان برطانیہ میں ہیں اور نیب تینوں ملزمان کے احتساب عدالت سے الگ الگ دائمی وارنٹ حاصل کرے گا جس کے بعد ملزمان کی گرفتاری سے متعلق قومی اخبارات میں اشتہار دیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ملزمان کے ریڈ وارنٹ کے اجراء کیلئے وزارت داخلہ کو ریفرنسز ارسال کئے جائیں گے اور وزیر داخلہ کی منظوری سے ملزمان کی بیرون ملک سے گرفتاری کیلئے انٹرپول کو خط لکھا جائے گا ۔ دوسری طرف نیب کراچی نے نیب کراچی نے جے جے وی ایل کیس میں سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کو 5جولائی کو طلب کر لیا ہے ۔

اس کیس میں ملزمان پر گیس فیلڈ کے ٹھیکوں میں مبینہ طور پر 17ارب روپے کی کرپشن کا الزام ہے ۔ نیب راولپنڈی نے پیپلزپارٹی کی سینیٹر روبینہ خالد کو بھی بدھ کو طلب کیا تھا جبکہ مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر رانا محمود الحسن کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کی شکایت کی جانچ پڑتال کی منظوری دی گئی ہے ۔ رانا محمود الحسن کے خلاف نیب لاہور انکوائری کرے گا۔