صاف وشفاف اور غیر جانبدار انتخابات کیلئے سندھ میں نگراں سیٹ اپ بارے اپوزیشن کے خدشات کو دور کیا جائے، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی

بدھ 27 جون 2018 22:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جون2018ء) امیر جماعت اسلامی سندھ و این اے 256سے متحدہ مجلس عمل کے نامزد امیدوار ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ صاف وشفاف اور غیر جانبدار انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے ضروری ہے کہ سندھ میں نگراں سیٹ اپ کے حوالے سے اپوزیشن جماعتوں کے خدشات کو دور کیا جائے، ترکی میں 25جو ن کو فتح جبکہ پاکستان 25جولائی کو اسلامی تحریکوں کی فتح کا دن ہوگا، ان شائ اللہ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب میں پاپوش نگر،عجب خان کالون اور بلاک R.Kمیں انتخابی مہم کے دوارن کارنر اجتماعات سے خطاب کے دوران کیا، صوبائی حلقہ پی ایس 130پر مجلس عمل کے نامزد امیدوار نسیم احمد صدیقی ودیگر مقامی رہنمائ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے مزید کہا کہ گذشتہ 70سالوں سے اقتدار پر قابض سیکولر وکرپٹ حکمرانوں نے قوم کو سبز باغ دکھاکر قومی خزانے کی لوٹ مار کی ہے، آج ایک بار پھر وہ قوم کو دھوکہ دینے کیلئے میدان میں ہیں،سابقہ حکومتوں نے عوام کے مسائل تو حل نہیں کئے مگر اپنی نااہلی اور کرپشن کے نتیجے میں بجلی،پانی بحران اور مہنگائی و بدامنی کے تحفے دیئے۔

ایم ایم اے نفرتوں کی سیاست کا باب بند کرکے قومی مفاد کی خاطر امت کو جوڑنے اور محبتوں کو فروغ دینے کا مشن لیکر میدان عمل میں آئی ہے، عوام نے خدمت کا موقع دیا تو کراچی کی روشنیاں بحال کرکے معیشت،سیاست،ترقی اور تہذیب واقدار کے حوالے سے اسے ایک مثالی شہر بنائیں گے۔#