ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ فاٹا نے ایک درجن سے زائدعارضی ملازمین کو ملازمت سے فارغ کردیا

جمعہ 29 جون 2018 15:25

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2018ء) ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ فاٹا نے ایک درجن سے زائدعارضی ملازمین کو ملازمت سے فارغ کردیا ۔ فارغ کرنے والوں میں پراجیکٹ کے چیف‘ ایڈمن‘ کوآرڈینیٹر سمیت کئی دیگر ملازمیں شامل ہیں۔ باخبرذرائع کے مطابق فاٹا سیکرٹریٹ میں واقع ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ فاٹا کے ماتحت کئی ایک پراجیکٹ کام کررہے ہیں جن میں ایک پراجیکٹ’ ہیلتھ سیکٹرریفارمز یونٹ ‘(HSRU )کے نام سے گزشتہ کئی سالوں سے کام کررہاتھا لیکن شاید اس پراجیکٹ کی مدت ختم ہوجانے پرگزشتہ روز ایک درجن سے زائد ملازمین کو ملازمت سے فارغ کردیا گیا جن میں پراجیکٹ کے سربراہ ڈاکٹر عدنان تاج کے علاوہ ڈاکٹر شمس‘ایڈمن افسر‘ کوآرڈینیٹر‘ کمپیوٹرآپریٹرز‘ نائب قاصد اورڈرائیور شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق فارغ کئے گئے ملازمین گزشتہ آٹھ سالوں سے اس پراجیکٹ میںکام کررہے تھے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ فاٹا سیکرٹریٹ کے زیرانتظام مختلف محکموں بشمول ُپی اینڈ ڈی‘ فنانس اور ہیلتھ میں کئی پراجیکٹس میںچارہزار سے زائد ملازمین سالہاسال سے کنٹریکٹ /عارضی بنیادوں پرملازمت کررہے ہیںلیکن صوبہ میں انضمام کے بعد ان پراجیکٹس کو جاری رکھنا شاید ممکن نہیں جس کے باعث فاٹا سیکرٹریٹ میں ایسے ہزاروں ملازمین کی نوکریاں اور ملازمتیں خطرے میں ہیں کیونکہ وزارت سیفران اسلام آباد نے ان پراجیکٹس کو مزیدفنڈز جاری کرنے سے معذرت کی ہے۔

ذرائع کے مطابق فاٹا سیکرٹریٹ کے زیرانتظام مختلف ڈائریکٹوریٹس کے دفاتر اور قبائلی اضلاع میں اکسٹھ ہزار سے زائد ملازمین ہیں جن میں متعدد پراجیکٹس کے تقریباًچارہزار عارضی/کنٹریکٹ بنیادوں پر کام کرنے والے ملازمیں شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق سب سے زیادہ مستقل ملازمین کا تعلق محکمہ تعلیم سے ہے ۔

متعلقہ عنوان :