نیب نے آشیانہ اقبال سکیم کیس میں گرفتار احد چیمہ سمیت 6ملزمان کیخلاف ریفرنس دائر کردیا

ملزمان نے اختیارات سے تجاویز کیا، ناجائز مالی فوائد حاصل کئے اور دلوائے‘ریفرنس میںنیب کا دعویٰ

جمعہ 29 جون 2018 17:49

نیب نے آشیانہ اقبال سکیم کیس میں گرفتار احد چیمہ سمیت 6ملزمان کیخلاف ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 جون2018ء) قومی احتساب بیورو (نیب) نے آشیانہ اقبال سکیم کیس میں گرفتار سابق ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی احد چیمہ سمیت 6ملزمان کیخلاف ریفرنس دائر کردیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نیب لاہور نے احتساب عدالت میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کے خلاف ریفرنس فائل کر دیا۔ احد چیمہ پر الزام ہے کہ انہوں نے غیر قانونی طریقے سے نا صرف جائیداد یں بنائیں بلکہ پیراگون سٹی کو غیر قانونی ٹھیکوں کے ذریعے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا۔

(جاری ہے)

نیب کی جانب سے ریفرنس میں احد چیمہ کے خلاف ایک ارب روپے سے زائد کی بے ضابطگیوں کا الزام عائد کیا گیا ہے۔نیب نے احد چیمہ کے علاوہ 5 افراد کے خلاف بھی کرپشن ریفرنس دائر کیے ،شاہد شفیق، بلال قدوائی کے خلاف بھی کرپشن ریفرنس دائرکیا گیا ہے۔ نیب نے سابق سی ای او لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی امتیاز حیدر اور سابق انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید کے خلاف بھی کرپشن ریفرنس دائر کیا۔ اسپیشل پراسکیوٹر نیب کے مطابق ملزمان نے اختیارات سے تجاویز کیا، ناجائز مالی فوائد حاصل کئے اور دلوائے۔واضح رہے کہ نیب لاہور نے احد چیمہ کو 21 فروری کو گرفتار کیا تھا جس پر اس وقت پنجاب کی حکومت نے شدید احتجاج کیا تھا۔