ہمیں ملک اور اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کیلئے گھروں سے نکلنا ہو گا ، ووٹ کی طاقت سے کرپٹ سیاستدانوں کا احتساب کر نا ہو گا‘اعجاز چوہدری

جولائی کا سورج تحریک انصاف کی کامیابی کی نوید لیکر طلوع ہوگا، تحریک انصاف کی بڑھتی مقبولیت سے مخالفین کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں

جمعہ 29 جون 2018 20:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2018ء) تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنماو نامزد امیدوار این اے 133اعجاز احمد چوہدری نے کہاکہ 25جولائی کے دن ہمارا مقابلہ جھوٹوں اور ملکی دولت لوٹنے والے مافیا کے ساتھ ہے ، علاقے کی عوام کی جانب سے ملنے والی محبتوں کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں ، ہمیں ملک اور اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے گھروں سے نکلنا ہو گا اور ووٹ کی طاقت سے کرپٹ سیاستدانوں کا احتساب کر نا ہو گا ، ملک کو لوٹنے اور برباد کرنے والے آج پھر عوام سے ووٹ مانگ رہے ہیں۔

یوسی 228 اور یوسی 232ٹائون شپ اور جوہر ٹائون میں ڈورٹو ڈور کمپین اور کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے اعجاز چوہدری نے کہاکہ 25 جولائی کا سورج تحریک انصاف کی کامیابی کی نوید لیکر طلوع ہوگا، تحریک انصاف کی بڑھتی مقبولیت سے مخالفین کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں ،عوام اب بلند وبانگ دعوے کرنے والوں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے ہم نے ہمیشہ عوامی خدمت کی سیاست کی ہے تھانے کچہری کی سیاست ہمارا شیوہ نہیں ہے منتخب ہوکر علاقہ میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھادیں گے اور عوامی توقعات پر پورا اتریں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کا میاب ہو نے کے بعد دفاع کے بعد سب سے زیادہ تعلیم اور صحت پر خرچ کیا جائے گا، نگران حکومت کی ذمہ داری ہے کہ غیر جانبدارہوکر الیکشن بروقت کروائے۔ نگران حکومت کا ایجنڈا صرف اور صرف الیکشن ہی ہونا چاہیے ورنہ ان کے بارے میں خیال کیا جائے گا یہ کسی اور ایجنڈے کے لیے کام کررہے ہیں،25جولائی کا دن ملک کی دولت لوٹنے والوں کا یوم حساب ہوگا، عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے کرپٹ حکمرانوں کا احتساب کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ آج پورے ملک میں لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے،عوام سابقہ حکومت سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ جنہوں نے عوام کو سبز باغ دکھائے اور کہا تھا کہ ہم لوڈ شیڈنگ کا چھ ماہ میں خاتمہ کریں گے لیکن آج تک ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ نہیں ہوسکا۔بعدا زں اعجازاحمد چوہدری سے ان کی رہائش گاہ پر پی پی 167سے فیاض گجر ،جارا گجر ،فاروق گجر ،شاہ زیب اور حاجی ارشاد کی وقیادت میں وفد نے ملاقات کی اور الیکشن کے حوالے سے تبادلہ خیا ل کیا ۔